جموں// جموں کشمیر کے مفتی اعظم اور مسلم پرسنل لاء بورڈ کے چیئرمین مفتی ناصر الاسلام نے جمعہ کو جموں صوبے کی مرکزی جامع مسجد کنز الایمان کریانی تالاب نروال میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے معراج النبیؐ کے واقعے پر روشنی ڈالی۔ مفتی اعظم نے کہا کہ معراج النبی ؐ انسانی تاریخ کا سب سے عظیم واقعہ ہے کیوں کہ یہ وہی رات تھی جس رات اللہ تعالی نے اپنے پیارے محبوب ؐ کو ملاقات کے لئے عرشِ عظیم پر بلایا تھا۔ مفتی اعظم نے کہا کہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ ہم سیرت النبیؐ کا مطالعہ کریں اوراسے اپنی زندگی میں عملا کر دنیا اور آخرت میں کامیابی حاصل کر سکیں۔انہوںنے سماجی برائیوں پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ نوجوان نسل کا نشے کی جانب بڑی تیزی سے راغب ہونا تشویشناک ہے۔مفتی اعظم نے کہا کہ نوجوان طبقے کا نشے کے بے تحاشہ استعمال کرنے سے سماج کو اندر سے کھوکھلا کردیا ہے اور اس کیخلاف نہ صرف آواز اٹھانی ہے بلکہ عملی طور پر کام کرنا چاہئے۔ انہوں نے علماء اور دیگر طبقہ ہائے فکر سے وابستہ لوگوں سے اپیل کی کہ وہ نئی نسل کو نشے کے نقصانات سے آگاہ کریں۔ مفتی اعظم کے ہمراہ مسلم پرسنل لاء بورڈجمو ں کے صوبائی صدر مفتی نذیر قادری،مولانا حاجی مظفر اور محمدطیب رضا قادری کے علاوہ دیگر ممبران بھی تھے۔