سرینگر //نیشنل کانفرنس نے ریاست میں موجودہ صورتحال کیلئے پی ڈی پی اوربھاجپا اتحادجو ذمہ دار قرار دیا ہے ۔پارٹی کے ضلع سرینگر کے بلاک صدور اور سینئر عہدیداران کے ایک اجلاس میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے ضلع صدر سرینگر پیر آفاق احمد، صوبائی سکریٹری ایڈوکیٹ شوکت احمد میر کے علاوہ کئی لیڈران نے کہا کہ جموں وکشمیر میں گذشتہ 3سال کے دوران جو بھی سیاسی ، انتظامی اور سیکورٹی بحران برپا ہوا، اس کی بنیادی واجہ پی ڈی پی اور بھاجپا کا اتحاد ہے۔ بی جے پی ، آر ایس ایس، بجرنگ دل اور دیگر بھگوا جماعتوں کے منصوبے کسی سے ڈھکے چھپے نہیں تھے اور یہ جماعتیں اعلاناً کشمیر اور مسلمانوں کیخلاف زہر افشائی کرتے ہیں، اس کے باوجود پی ڈی پی نے اقتدار کی خاطر اپنے ضمیر کو بھیچ ڈالا۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے ساجھیدار بھاجپا والے آج کشمیریوں پر گولیاں برسانے کے جواز بخشتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کشمیریوں پر جو مظالم ڈھائے جارہے ہیں اُس کے فیصلے ناگپور میں لئے جاتے ہیں اور مقامی پی ڈی پی کی سربراہی والی حکومت ان فرمانوں پر من و عن عمل کرتی ہے۔ اجلاس میں آئے روز عام شہریوں کی ہلاکت پر زبردست تشویش کا اظہار کیا گیا اور شوپیاں ہلاکتوں کیخلاف زبردست احتجاج درج کیا گیا۔