سرینگر//صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا کی صدارت میں ایس آئی ڈی سی او(سڈکو) کے بورڈ آف ڈائریکٹرس کی 135 ویں میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں ریاست میں صنعتی بستیوں کے قیام کےلئے اراضی کی بڑھتی مانگ کو پورا کرنے کے لئے کئی منصوبوں کو منظوری دی گئی۔ میٹنگ میں صنعت و حرفت کے وزیر مملکت سید فاروق احمد اندرابی بھی موجود تھے ۔ ریاست میں اس وقت 26ہزار 839کنال اراضی پر صنعتی بستیاں قائم ہیں جن میں 1972 صنعتی اکائیا قائم ہیں ۔ ایس آئی ڈی سی او کے حکام نے میٹنگ میں بتایا کہ کارپوریشن نئی صنعتی بستیاں قائم کرنے میں بھی سرگرم عمل ہے اور اومپورہ بڈگام میں 25 کروڑ روپے کی لاگت سے 1008 کنال اراضی ،کٹھوعہ میں 3502کنال اراضی اور سانبہ میں 2763 کنال اراضی پر صنعتی بستیاں قائم کی جارہی ہےں ۔ کارپوریشن کے حکام نے بورڈ ممبران کو دیگر پروجیکٹوں کے بارے میں بھی جانکاری دی جن میں 10کروڑ روپے کی لاگت سے سلام آباد اوڑی میں تجارتی سہولیت مرکز اومپورہ انڈسٹریل کمپلیکس میں 3ارب 25 کروڑ روپے کی لاگت سے نیشنل انسٹی چیوٹ آف فیشن ٹیکنالوجی اور 5کروڑ 30 لاکھ روپے کی لاگت سے رنگریٹ میں آئی ٹی ٹاور بلڈنگ کا قیام شامل ہے ۔ میٹنگ میں مزید بتایا گیا کہ کارپوریشن ” تعمیر“ کے تحت تقریباً 116.62 کروڑروپے مالیت کے پروجیکٹ عملا رہی ہے۔میٹنگ میں سٹیٹ لیول رہیبلٹیشن کمیٹی کی سفارش میں مستحقین میں منظور کئے گئے سافٹ لونز پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ میٹنگ میں بتایا گیا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے 2016-17 تک وصول کئے گئے 5 کروڑ 23لاکھ روپے کے فنڈس میں سے اب تک 39مستفیدین کو 4کروڑ 58لاکھ روپے کی رقم دی گئی ہے ۔میٹنگ میں مزید بتا گیا کہ 33مستفیدین کے حق میں 6کروڑ 47 لاکھ روپے کے فنڈس کو منظوری دی گئی جو کہ ضروری لوازمات پورا کرنے کے بعد تقسیم کئے جائیں گے ۔میٹنگ میں صنعتی پالیسی 2016 کے تحت وضع کئے گئے موجودہ صنعتی بستیوں کو وست دینے اور نئی صنعتی بستیاں قائم کرنے کے لئے اراضی کی نشاندہی اور حصولیابی کے معاملے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ پالیسی کے تحت پہلے 5برسوں کے اندر 20 ہزار کنال زمین حاصل کرنے کے لئے ایک جامع منصوبہ ترتیب دیا جانا ہے۔ صنعتی پالیسی 2016 کے رہنما خطوط کے مطابق بورڈ نے صنعتی بستیوں میں قائم کئے گئے عوامی خدمت کے اداروں بشمول فائر اینڈ ایمرجنسی سروس ، پولیس ، ڈسپنسری ، پاور ڈیپارٹمنٹ اور بینکوں وغیرہ کے حق میں کرایہ اور قسطیں معاف کرنے کے معاملے کو بھی منظوری دی ۔ بورڈ نے صنعتی بستیوں میں دھرم کانٹا اور وئیر ہاوسز قائم کرنے کو بھی منظوری دی۔اس موقعہ پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے صنعت و حرفت کے وزیر چندر پرکاش گنگا نے موجودہ صنعتی پالیسی کی مو¿ثر عمل آوری کے احکامات دئیے۔میٹنگ میں دیگر کئی معاملات پر تبادلہ خیال کرنے کے علاوہ کئی دیگر منصوبوں کو منظوری دی گئی ۔ میٹنگ میں بورڈ ممبران کے علاوہ کمشنر سیکرٹری صنعت و حرفت شیلندر کمار ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے سڈکو جسوندر سنگھ دوا اور خزانہ و منصوبہ بندی محکموں کے نمائندوں نے شرکت کی۔