موجودہ حکومت ریاست کو اندھیروں میں دھکیلنے کی مرتکب

Kashmir Uzma News Desk
3 Min Read
 سرینگر/ /نیشنل کانفرنس جنرل سکریٹری سکریٹری علی محمد ساگر نے پارٹی ہیڈکوارٹر پر مختلف عوامی وفود ، اور پارٹی ورکروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جس طرح کا ماحول آج کل برپا کیا جارہا ہے وہ ریاست کے صدیوں کے بھائی چارہ اور مذہبی ہم آہنگی کو پارہ پارہ کرنے کی ایک بدترین کوشش ہے اور موجودہ دور میں ریاست کے عوام کو بلا لحاظ مذہب و ملت اور رنگ و نسل ایک ہوکر فرقہ پرست اور سازشی عناصر کے مذموم ارادوں کو خاک ملانے کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ نیشنل کانفرنس اپنے ایجنڈا نیا کشمیر پر قائم و دائم اور مرحوم شیخ محمد عبداللہ کے سنہری اصولوں، تاریخی اور انقلابی فیصلوں پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل کانفرنس عوامی مفادات، احساسات اور لوگوں کے نیک ارادوں و خواہشات کا احترام اور ریاستی عوام کے جمہوری اور آئینی حقوق کی نگہبانی کرتی آئی ہے اور اللہ کے فضل و کرم اور عوام کے اشتراک سے مستقبل میں بھی اپنے بے لوث عوامی خدمات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت کشمیریوں کو بدترین اقتصادی بدحالی کا سامنا ہے، کیونکہ گذشتہ 2سال سے تمام سرگرمیاں متاثر ہیں اور اب جی ایس ٹی کے اطلاق نے بچی کچھی کسربھی پوری کردی۔ پی ڈی پی اور بھاجپا حکومت کے معرض وجود میں آنے کے ساتھ ہی جیسے جموں وکشمیر کو گرہن لگ گیا۔ بے چینی ، ماردھاڑ، خوف و دہشت، توڑ پھوڑ اور غیر یقینیت ختم ہونے کا نام نہیں لے رہی ہے۔ ایسا محسوس ہورہا ہے کہ حکمران جماعتیں جان بوجھ کر کشمیر کو اندھیروں میں دھکیلنا چاہتے ہیں۔ علی محمد ساگر نے کہا کہ مرکزی حکومت کی غفلت شعاری اور ریاستی حکومت کی غیر سنجیدگی اور نااہلی لوگوں کیلئے عذاب بنتی جارہی ہے۔ جہاں بھاجپا نے اپنا ووٹ بنک بچائے رکھنے کیلئے کشمیریوں کیخلاف سخت گیر پالیسی اپنا رکھی ہے وہیں پی ڈی پی پی اقتدار کو بچانے کیلئے کشمیریوں پر ہورہے مظالم پر خاموشی تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ پارٹی عہدیداروں کو پارٹی کی مضبوطی کیلئے کام کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے جنرل سکریٹری نے کہا کہ ر یاست کے تمام خطوں اور ذیلی خطوں کی یکساں ترقی و عوام کی فلاح و بہبود کے نیشنل کانفرنس کے سیاسی ایجنڈے اور پارٹی پروگراموں کے بارے میں نئی نسل کو واقف کرانے کے لئے ورکر اپنا رول ادا کریں۔
 
Share This Article
Leave a Comment

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *