سرینگر// آئے روز چھاپہ مار کارروائیوں، گرفتاریوں اور شبانہ تلاشیوں کے نام پر لوگوں کو ہراساں کرنے کی کارروائیوں کو غیر انسانی قرار دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس نے کہا ہے کہ امن اور مفاہمت کے دعوے کرنے والوں نے زمینی سطح پر عوام کیخلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے۔ پارٹی کے معاون جنرل سکریٹری ڈاکٹر شیخ مصطفیٰ کمال نے شیر کشمیر بھون جموں میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے جو طریقہ کار اختیار کر رکھا ہے وہ ریاست کو تباہی اور بربادی کی جانب دھکیلنے کے سوا اور کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی امن، مفاہمت، بات چیت اور اعتماد سازی کے دعوے کرتے تھکتی نہیں لیکن جب زمینی جب زمینی سطح پر حالات و واقعات پر نظر دوڑائی جاتی ہے تو حقائق کچھ اور ہی بتاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ حالات پی ڈی پی وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کے تمام دعوئوں کے عین برعکس ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کٹھوعہ میں 8سال آصفہ کے قتل اور درندگی کے واقعہ پر سرکاری سطح پر اس کیس پر پردہ ڈالنے کی پوری کوششیں کی جارہی ہیں اور اس بدترین واقعہ کے ملوثین کو ڈھال فراہم کی جارہی ہے۔