سرینگر//موجودہ حالات کی وجہ سے اداروں،اقدار اور وسائل پر پڑے منفی اثرات کی سماجی سطح پہ عام مباحثہ کی ضرورت پر زو دیتے ہوئے پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی(پی ڈی پی)نے کہا ہے کہ سماج اور اس کے اداروں کو تباہی سے بچانے کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے ۔جنوبی کشمیر کے اننت ناگ میں سنیئر پارٹی اراکین ،وزراء ،ممبر ان قانون سازیہ ،ضلع اور زونل صدور کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے پارٹی کے جنرل سیکریٹری محمد سرتاج مدنی نے کہا کہ گزشتہ چار ماہ کے بد قسمت واقعات نے سماج کو ایک ایسی مشکل صورتحال کی طرف دھکیل دیا ہے جہاں اسے واپس لانے اور تباہی سے بچانے کیلئے ہر زندہ ضمیر شخص کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔مدنی نے کہا ’’احتجاجی مظاہروں نے ایک افسوسناک رُخ اختیار کیا ہے جو سماج اور اس کے اقدار کو بُری طرح سے متاثر کر رہے ہیں اورایسے ادارے جنہیں دہائیوں کی محنت و مشقت کے بعد قائم کیا گیا تھا،کو نشانہ بنا کر عوام کو ان اداروں کے فوائد اور سہولیات سے محروم کیا جارہا ہے۔‘‘انہوں نے افسوس کا اظہا ر کرتے ہوئے کہا کہ کچھ عناصر موجودہ صورتحال کا غلط فائدہ اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے عوام سے تعاون طلب کرتے ہوئے ایسے افراد کو الگ تھلگ کرنے کی ضرورت پر زور دیا جو ریاست کی ترقی و خوشحالی کے دشمن ہیں ــ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تعمیرات عامہ اور پارلیمانی امور کے وزیر عبدا لرحمان ویری نے کہا کہ حکومت ریاست کی تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے لئے انتھک کوششوں میں لگی ہوئی ہے ۔وزیر خزانہ ڈاکٹر حسیب درابونے اپنی تقریر میں کہا کہ حکومت اقتصادی حالات کو بہتر بنانے کے لئے ہر ممکن مدد کرے گی لیکن ایسے عناصر جو حالات کو خراب کرنے اور عوامی مفادات کو نقصان پہنچانے میں لگے ہوئے ہیں ،کو اپنی سوچ اور طریقہ کار کو بدلنا ہوگاتاکہ لوگوں کو مشکلات کو سامنا نہ کر نا پڑے ۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سنیئر پارٹی لیڈر نظام الدین بٹ نے کہا کہ پی ڈی پی ایجنڈا آف الائنس کو عملانے کیلئے وعدہ بند ہے تاہم حکومت کو ایجنڈا پر عمل کرنے اور آگے بڑھانے کے لئے ایک پر امن اور سازگار ماحول کی ضرورت ہے۔