سرینگر//موتی محلہ میر بحری رعناواری میں سڑک کی خستہ حالت کے خلاف لوگوں نے احتجاجی مظاہرے کئے اور سرکار مخالف نعرے لگاتے ہوئے مانگ کی کہ کافی کچی سے موتی محلہ میر بحری تک سڑک کی فوری مرمت کی جائے ۔ہاتھوں میں پلے کارڈس اور بینر لئے احتجاج کررہے لوگوں نے بتایا کہ اکیسویں صدی میں بھی یہاں سڑک کی حالت اتنی خستہ ہے کہ یہاں لوگوں کا عبور مرور ہی مشکل ہوگیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اگرچہ یہ سڑک پہلے ہی خستہ تھی تاہم 2014میں آئے تباہ کن سیلاب نے اسے مزید تباہ کردیا جبکہ اس سڑک پر موجود 2پل بھی ٹوٹ چکے ہیں ۔سرکار پر علاقہ کے ساتھ سوتیلی ماں کا سلوک برتنے کا الزام لگاتے ہوئے مقامی لوگوں نے کہا کہ سڑک کی ابتر حالت کی وجہ سے یہاں اکثر و بیشتر حادثے بھی پیش آتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ علاقے میں سماج کا ایک غریب طبقہ رہایش پذیر ہے اور سرکار علاقہ کی طرف کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے۔