عظمیٰ نیوز سروس
ادھم پور //مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے دریائے دیویکا کی تجدید کاری پروجیکٹ کا معائینہ کرتے ہوئے کہاکہ وزیر اعظم نریندر مودی نے فروری 2019میں پروجیکٹ کو شمالی ہندوستان میں نمامی گنگا کے خطوط پر شروع کیا تھا ۔انہوں نے کہاکہ 190 کروڑ روپے کے مرکزی فنڈ سے چلنے والے پروجیکٹ تکمیل کو پہنچنے والا ہے ۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ تزئین و آرائش، تجدید کاری اور خوبصورتی کا ایک طویل عرصہ سے زیر التواء مطالبہ تھا لیکن سابقہ حکومتوں میں سے کسی نے بھی اس پر توجہ نہیں دی۔ انہوں نے کہاکہ 2014 کے بعد ہی یہ اپنی نوعیت کا پہلا دریا کی بحالی کا منصوبہ شمالی ہندوستان میں نمامی گنگا کے خطوط پر شروع کیا گیا تھا۔اس سے قبل ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ سال 2023 ہندوستان کے لئے کئی محاذوں پر تاریخی رہا ہے۔ وزیر نے بتایا کہ اسی سال ہندوستان چاند پر اترا اور G20 کی صدارت حاصل کی۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ دنیا اب ہندوستان کی قیادت کے لئے تیار ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ یہاں سینٹ تھامس چرچ میں من کی بات کے ذریعے قوم سے وزیر اعظم کے ماہانہ خطاب کے تازہ ترین ایڈیشن کو سننے کے بعد نامہ نگاروں سے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے من کی بات پروگرام کو گزشتہ دس سالوں میں وزیر اعظم مودی کی کئی میراثوں میں سے ایک قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ مودی کئی اہم مسائل پر اپنے خیالات کا اشتراک کر رہے ہیں اور دیگر معاملات کو آکاشوانی پر اپنے ماہانہ نشریات کے ذریعے اجاگر کر رہے ہیں تاکہ قوم کی رہنمائی کی جا سکے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ہر ایک پر زور دیا کہ وہ 2047 تک ایک ترقی یافتہ ہندوستان کے مودی کے وژن کو پورا کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اس سلسلے میں ڈاکٹر سنگھ نے ذاتی فٹنس کو برقرار رکھنے پر زور دیا جیسا کہ آج کی من کی بات میں وزیر اعظم نے زور دیا تھا۔ وزیر موصوف نے کہا کہ فٹ اور جسمانی طور پر صحت مند شہری ہندوستان کو ایک ترقی یافتہ ملک بنانے کے لئے اپنی توانائیوں کو بروئے کار لا سکتے ہیں۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ ’’وکست بھارت‘‘ بنانے کی بنیاد ختم ہونے والے سال میں رکھی گئی ہے۔ اب نوجوانوں کو 2047 کے ٹارگٹ سال تک آنے والے 25 سالہ سفر کے دوران اس بنیاد کو مضبوط کرنے پر کام کرنا ہے۔وزیر نے کہا کہ ہندوستان اگلے سال چوتھی سب سے بڑی معیشت کے طور پر ابھرنے کے لئے تیار ہے۔ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے کہا کہ جموں و کشمیر کا کردار بہت اہمیت کا حامل ہو گا کیونکہ بھارت نے ایسا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔ ڈاکٹر سنگھ نے کہا کہ زراعت اور باغبانی جیسے شعبوں میں جموں و کشمیر کی طرف سے اپنائی گئی بہت سی اختراعات اور بہترین طریقوں کو اب دیگر شمالی ریاستوں جیسے اتراکھنڈ میں بھی نقل کیا جا رہا ہے۔اس دوران مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر نے ضلع ادھم پور میں مرکزی حکومت کی جانب سے چلائی جارہی فلاحی سکیموں کا جائزہ لیا ۔اس دوران وزیر موصوف نے کہاکہ ضلع ادھم پور میں وکشت بھارت کے تحت سکیموں کی سو فیصد عمل آوری جلد ہی ممکن ہو جائے گی ۔اس کے علاوہ، وزیر نے پی ایم جی ایس وائی اور آر ڈی ڈی محکمہ کی کارکردگی کی بھی تعریف کی جو کہ پی ایم جی ایس وائی روڈ کنیکٹیویٹی اور ایریا ڈیولپمنٹ پلان کے تحت کاموں کی تکمیل میں ان کی اعلیٰ کارکردگی ہے۔