اشفاق سعید
سرینگر // تشدد سے متاثرہ منی پور میں پھنسے جموں کشمیر کے 8طلباء واپس گھر پہنچ رہے ہیں جبکہ دیگر طلاب کو باہر نکالنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ جموں و کشمیر اسٹوڈنٹس ایسوسی ایشن کے ترجمان نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ انہیں کئی کشمیری طلبا کی طرف سے کالیں موصول ہوئی جو منی پور کی ریاست بھر کی مختلف یونیورسٹیوں اور کالجوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ “اس نازک وقت میں انکی حفاظت اور بہبود کو ترجیح دیتے ہوئے منی پور میں پیشہ ورانہ اور غیر پیشہ ورانہ کورسز میں تعلیم حاصل کرنے والے جموں و کشمیر کے طلاب کو واپس گھروں کو لانے کیلئے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ اور منی پور سرکار کے درمیان آپسی تال میل کی وجہ سے اتوار کی سہ پہر 5بجے تک 8طلاب کو واپس لایا گیا ہے اور وہ پیر کو اپنے گھروںکو پہنچ جائیں گے۔انہوں نے کہاکہ منی پور کے حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور باقی ماندہ جموں کشمیر کے طلاب کو واپس لانے کے ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں، کیونکہ طلبا کے اہل خانہ کشمیر میں ان کی واپسی کے بارے میں گہری تشویش اور فکر مند ہیں۔ایسوسی ایشن ترجمان نے کہا کہ وہ ان یونیورسٹیوں اور کالجوں سے رابطہ قائم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں طلبا موجود ہیں تاکہ ان کی حفاظت اور خیریت دریافت کی جا سکے۔
منی پور میں پھنسے جموں کشمیر کے 8طلاب | پیر کی سہ پہر واپس گھروں کو روانہ ہوگئے
