عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں میں ایک عدالت نے بدھ کوسابق وزیر لال سنگھ کو انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) کی 7 دن کی تحویل میں دے دیا، منگل کی شام ایجنسی نے انہیں منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کیا تھا۔ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن پارٹی (ڈی ایس ایس پی) کے چیئرمین لال سنگھ کو منگل کی شام سینک کالونی کے چاوڑی علاقے کے ایک مکان سے خصوصی عدالت کی جانب سے ان کی پیشگی ضمانت کی درخواست خارج کرنے کے چند گھنٹوں کے اندر ہی گرفتار کر لیا گیا۔سنگھ انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ ان کی اہلیہ اور سابق رکن اسمبلی کانتا اندوترا کے ذریعہ چلائے جانے والے تعلیمی ٹرسٹ کے خلاف ایک کیس کے سلسلے میں زیر تفتیش تھے۔
اسپیشل پبلک پراسیکیوٹر اشونی کھجوریا نے کہا کہ گرفتار ملزم کو خصوصی عدالت میں پیش کیا گیا جس نے ایجنسی کی طرف سے مانگے گئے 14 دن کے بجائے ای ڈی کو اس کا سات دن کا ریمانڈ دے دیا۔ خصوصی جج نے ملزم کی طرف سے کی گئی جسمانی تکلیف کی شکایت کا نوٹس لیا اور اس کا مناسب طبی معائنہ کرانے کو کہا۔لال سنگھ کو دن کی اولین ساعتوں میں سرکاری میڈیکل کالج (جی ایم سی) اسپتال منتقل کیا گیا جب اس نے بے چینی کی شکایت کی۔انہیں سہ پہر 3 بجے کے قریب ہسپتال سے ڈسچارج کیا گیا اور فوراً عدالت لے جایا گیا۔تاہم لال سنگھ نے الزام لگایا کہ اگرچہ انہیں ہسپتال لے جایا گیا لیکن مناسب طبی امداد نہیں دی گئی۔