سرینگر// دہلی کی ایک عدالت نے سنیئر مزاحمتی لیڈر شبیر احمد شاہ کی مبینہ منی لانڈرنگ کیس میں ضمانت کی درخواست مسترد کردی ۔ فریڈم پارٹی سربراہ شبیر احمد شاہ کی ضمانتی درخوست کو ایڈیشنل سیشن جج سدھارتھ شرما نے ایک بار پھر مسترد کیا،جبکہ گزشتہ برس اگست میں بھی مذکورہ جج نے شبیر احمد شاہ کی ضمانتی درخواست کو ،مبینہ منی لانڈرنگ میں جاری تحقیقات کو مد نظر رکھتے ہوئے مسترد کیا تھا۔ شبیر احمد شاہ نے اپنے وکیل ایم ایس خان کی طرف سے ضمانتی عرضی میں کہا تھا کہ انکے کیس میں تحقیقات مکمل ہوچکی ہے،اور مذکورہ ایجنسی نے عدالت میں چارج شیٹ بھی پیش کیا ہے،اس لئے یہ ناممکن ہے کہ شبیر احمد شاہ کی رہائی کسی طرح سے تحقیقات پر اثر انداز ہوسکے۔عدالت نے گزشتہ برس22اگست کو بھی شبیر احمد شاہ کی ضمانتی درخواست کو رد کیا تھا۔ تحقیقاتی ایجنسی نے شبیر احمد شاہ کے خلاف عدالت میں جو چارج شیٹ داخل کی ہے،اس میں منی لانڈرنگ کے دفعات کا اندراج کیا گیا ہے۔تحقیقاتی ایجنسی نے اس سلسلے میں36برس کے ایک شہری کا بیان بھی قلمبند کیا ہے،جس میں کہا گیا ہے کہ شبیر احمد شاہ کے کہنے پر وہ2003میں دہلی آئے۔