عظمیٰ نیوز سروس
جموں//جموں کے سابق وزیر لال سنگھ، جنہیں انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 7 نومبر کو منی لانڈرنگ کے ایک مبینہ معاملے میں گرفتار کیا تھا، کو یہاں کی ایک خصوصی عدالت نے دو ہفتوں کے لیے عدالتی حراست میں بھیج دیا ۔ڈوگرہ سوابھیمان سنگٹھن پارٹی چیئرمین سنگھ کو 12 دن کی ای ڈی ریمانڈ کی میعاد ختم ہونے کے بعد خصوصی جج بالا جیوتی کے سامنے ورچوئل موڈ کے ذریعے پیش کیا گیا۔”چونکہ کیس کی تفتیش جاری ہے اور ملزم ایک سنگین اور ناقابل ضمانت جرم میں ملوث ہے، اس کے علاوہ آئی او(تفتیشی افسر)کے مطابق، ملزم نے تعاون نہ کرکے تفتیش کو پٹری سے اتارنے کی کوشش کی ہے۔مزید برآں، دیگر مادی گواہوں کے بیانات ریکارڈ کیے جانے باقی ہیں، اس طرح، تفتیشی افسرکی درخواست منظور کی گئی اور ملزم کو 14 دن کے لیے عدالتی تحویل میں بھیج دیا گیا۔عدالت نے ہدایت دی کہ سنگھ کو جموں کے امفلہ میں ڈسٹرکٹ جیل میں رکھا جائے اور آئی او سے تحقیقات میں تیزی لانے کو کہا۔آرڈر میں کہا گیا “ملزم کا قواعد کے تحت باقاعدہ طبی معائنہ کیا جائے، اسے اپنے دفاع کے لیے وکیل کی شمولیت کے اپنے حق سے آگاہ کیا گیا ‘‘۔سنگھ کو یکم دسمبر کو عدالتی ریمانڈ کی میعاد ختم ہونے کے بعد ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔عدالت نے امفلہ میں ڈسٹرکٹ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت کی کہ وہ جیل مینوئل کے مطابق ملزم کو بنیادی سہولیات فراہم کریں۔سابق وزیر کو خصوصی جج کی جانب سے ان کی پیشگی ضمانت کی درخواست خارج کرنے کے چند گھنٹوں کے اندر 7 نومبر کو یہاں کے ایک گھر سے گرفتار کیا گیا تھا۔
منی لانڈرنگ کیس | لال سنگھ 14دن کی عدالتی تحویل میں
