یواین آئی
نئی دہلی/دہلی میں ای ڈی (انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ) کا دفتر ایک بار پھر سرخیوں میں رہا، جب ہندوستان کے سابق کرکٹر اور آئی پی ایل اسٹار سریش رینا وہاں پہنچے ۔ ای ڈی نے انہیں ایک غیر قانونی آن لائن سٹہ بازی ایپ سے جڑے منی لانڈرنگ معاملے میں پوچھ گچھ کے لیے طلب کیا تھا۔انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے سابق بلے باز سریش ریناکو سمن جاری کیا تھا اور انہیں پوچھ گچھ کے لیے آج دہلی کے دفتر میں بلایا تھا۔ سریش رینا ای ڈی کے دفتر پہنچے ، جہاں ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے ۔ رپورٹ کے مطابق یہ معاملہ بیٹنگ ایپ 1xBet سے متعلق ہے ۔حکام کے مطابق، رینا سے اس ایپ کے ساتھ ان کے تعلقات، اشتہارات میں ان کا کردار اور مالی لین دین کے بارے میں سوالات کیے جا رہے ہیں۔ پوچھ گچھ کے دوران ان کے بیانات منی لانڈرنگ ایکٹ (پی ایم ایل اے ) کے تحت ریکارڈ کیے جائیں گے ۔ مانا جا رہا ہے کہ سریش رینا کچھ اشتہارات کے ذریعے اس غیر قانونی بیٹنگ ایپ سے وابستہ رہے ہیں۔ ای ڈی اس بات کی جانچ کر رہی ہے کہ ان اشتہارات کے ذریعے لوگوں کو سٹہ بازی کے لیے کس طرح اُکسایا گیا اور اس سے جڑے مالی معاملات میں کیا بے ضابطگیاں ہوئیں۔تحقیقات ایجنسی اس معاملے میں پہلے ہی کئی، اداکاراؤں اور کھلاڑیوں سے پوچھ گچھ کر چکی ہے ۔ میڈیا رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ یہ غیر قانونی پلیٹ فارم بڑے بڑے ناموں اور مشہور شخصیات کی مقبولیت کا استعمال کر کے عام لوگوں کو اپنے جال میں پھنسا رہے ہیں۔ اشتہارات میں دیے گئے کیو آر کوڈ سیدھے سٹہ بازی کی ویب سائٹس پر لے جاتے ہیں، جو ہندوستانی قانون کی خلاف ورزی ہے ۔ای ڈی کی تفتیش میں سامنے آیا ہے کہ یہ پلیٹ فارم اکثر خود کو ’’اسکل بیسڈ گیمنگ‘‘کے طور پر پیش کرتے ہیں، لیکن دراصل جعلی الگورتھم اور ہائی رسک بیٹنگ کے ذریعے غیر قانونی سٹہ بازی کو فروغ دیتے ہیں۔