جموں//نائب وزیرا علیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے متعلقین کو راجوری کے منی سیکرٹریٹ کمپلیکس پر جاری کام میں سرعت لانے کی ہدایت دی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اس کے دور رَس نتائج برآمد ہوں گے اور ضلع کے لوگوں کو فراہم کی جانے والی خدمات میں بہتری آئے گی۔نائب وزیرا علیٰ ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ کی صدارت کررہے تھے جو راجوری منی سیکرٹریٹ کمپلیکس پر جاری کام کا جائزہ لینے کے لئے طلب کی گئی تھی۔میٹنگ میں وزیر زراعت غلام نبی لون ہانجورہ جوکہ راجوری ضلع ترقیاتی بورڈ کے چیئرمین بھی ہیں،خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین کے وزیر چودھری ذوالفقار علی،بھیڑ و پشوپالن اور ماہی پروری کے وزیر عبدالغنی کوہلی ، ارکان قانون سازیہ قمر حسین ، وبودھ گپتا اور سریندر چودھری ، صوبائی کمشنر جموں ڈاکٹر پون کوتوال ، ضلع ترقیاتی کمشنر راجوری ، ناظم تعلیم جموں اور محکمہ تعمیراتِ عامہ کے سپر انٹنڈنگ انجینئر راجوری سرکل بھی موجود تھے۔میٹنگ میں فیصلہ لیا گیا کہ نائب وزیر اعلیٰ متعلقہ وزراء اور ارکان قانون سازیہ کے ہمراہ راجوری کا دورہ کر کے منی سیکرٹریٹ پر جاری کام کابرسر موقعہ جائز ہ لیں گے۔میٹنگ میں بتایا گیا کہ راجوری منی سیکرٹریٹ کمپلیکس کے لئے سپیشل ٹاسک فورس کے تحت مالی سال 2011-12اور 2015-16ء تک منظور کئے گئے 10کروڑ روپے میں سے منصوبہ بندی ترقی محکمہ میں 7.5کروڑ روپے واگذار کئے ہیں جو محکمہ تعمیرات عامہ کو بھیجے گئے ۔