عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// تحصیل منڈی کے گاؤں منیال میں حالیہ بارشوں کے باعث پہاڑی علاقوں سے آنے والا پانی سڑک پر چڑھ آیا، جس سے سڑک کا ایک بڑا حصہ بہہ گیا۔ تباہ حال سڑک کی حالت نہ صرف آمد و رفت کے لئے خطرناک بن گئی ہے بلکہ اس سے مقامی مکانات اور کھیت بھی متاثر ہوئے ہیں۔مقامی لوگوں کے مطابق تیز بارش کے دوران پانی کا بہاؤ رہائشی علاقوں کی جانب ہو گیا، جس سے کئی گھروں میں پانی داخل ہو گیا اور زمین کھسکنے کے واقعات بھی رونما ہوئے۔ فصلوں کو شدید نقصان پہنچا ہے اور مویشیوں کے لئے چارہ بھی خراب ہو گیا ہے۔ اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ متعدد بار انتظامیہ کو سڑک کی مرمت اور نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کی درخواست کی گئی، لیکن کوئی عملی اقدام نہ کیا گیا۔ انہوں نے حکام سے فوری توجہ دینے اور سڑک کی مرمت کے ساتھ ساتھ حفاظتی بند باندھنے کا مطالبہ کیا تاکہ آئندہ مزید جانی یا مالی نقصان نہ ہو لیکن کسی کے کان پر جوں تک نہیں رینگی جس کے نتیجے میںغریب عوام کو اتنے بڑے نقصان کا سامنا کرنا پڑا۔ لوگوں نے انتظامیہ پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب کچھ ان کی دیکھ ریک میں ہو رہا ہے لیکن سب تماش بین ہیں اور غریب عوام کو اپنے حالت زار پر انسو بہانے پر مجبور کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ منیہال گاؤں ایک پہاڑی علاقہ ہے جہاں بارشوں کے دوران اکثر اس قسم کے واقعات رونما ہوتے ہیں، لیکن تاحال مستقل حل کی طرف کوئی قدم نہیں اْٹھایا گیا۔