گاندربل//منیگام سے بارسو گاندربل کی پرانی سڑک انتہائی خستہ حالت میں ہے جبکہ سڑک پر ناجائز قبضہ کی وجہ سے یہ سڑک سکڑتی جارہی ہے ۔منیگام سے بارسو 8 کلومیٹر میٹر لمبی پرانی سڑک جس پر منیگام،بنہ ہامہ،وتہ لار،لار،کھرانہامہ، اور بارسو دیہات ہونے کے ساتھ ساتھ متعدد دیہات کی رابطہ سڑکیںاسی روڈ کے ساتھ منسلک ہیںاورجب سے منیگام سمبل بائی پاس پر آمدورفت شروع کی گئی اس پرانی سڑک سے ضلع انتظامیہ اور حکومت نے آنکھیں موند لیں اور کئی جگہوں پر لوگوں نے سڑک پر ناجائز قبضہ کرنے کے ساتھ ساتھ تعمیراتی میٹریل جمع کیا جس کی وجہ سے لوگوں کو اس سڑک پر سفر کرنا کافی دشوار ہوچکا ہے۔علاقہ کے لوگوں نے اپنی ناراضگی اور غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جگہ جگہ سڑک کی حالت انتہائی خستہ ہے اور جگہ جگہ گہرے کھڈ بن گئے ہیں ۔اسی سڑک پر سابق وزیر قاضی محمد افضل کی رہائش گاہ ہے اور موجودہ ممبر اسمبلی گاندربل شیخ اشفاق جبار بھی سکونت پذیرہیں اور دونوں روزانہ اس سڑک پر سفر کرتے ہیں تاہم سڑک کی مرمت نہیں کی جارہی ہے ۔وتہ لار کے شبیر احمد نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ اس سڑک پر درجنوں گاو¿ں موجود ہیںاور روزانہ سکولی بچے ،ملازم،تجارت پیشہ افراد اس سڑک پر سفر کرتے ہیں لیکن اس کی مرمت نہیں کی جارہی ہے۔ممبر اسمبلی گاندربل شیخ اشفاق جبار نے کہا کہ جس سابق ٹھیکیدار کے پاس یہ کام تھا اس نے کسی معاملے کو لیکر عدالت کو رجوع کیا ہوا ہے جس وجہ سے اس میں دیری ہوئی اوراب چند دنوں میں اس پر کام شروع کیا جائے گا۔