سمت بھارگو
راجوری//ضلع راجوری کے تھنہ منڈی سب ڈویژن کے منیال گاؤں میں اتوار کو ایک پرانا اور زنگ آلود مارٹر شیل برآمد ہوا، جس کے بعد علاقے میں سنسنی پھیل گئی۔مقامی ذرائع کے مطابق، منیال گلی علاقے کے مکینوںنے ہفتہ کی شام زرعی کھیتوں میں ایک مشتبہ چیز دیکھی، جو بعد ازاں ایک مارٹر شیل نکلا۔ اس اطلاع کے بعد سیکورٹی فورسز کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور شیل کو اپنی تحویل میں لے لیا۔حکام کے مطابق، یہ مارٹر شیل ایک ہائی ایکسپلوسیو قسم کا ہے، جو مکمل طور پر زنگ آلود اور پرانا معلوم ہوتا ہے۔ فورسز نے بتایا کہ شیل کو مناسب اسٹینڈرڈ آپریٹنگ پروسیجر (SOP) کے تحت جلد ہی ناکارہ بنا دیا جائے گا تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچا جا سکے۔علاقے کے لوگوں نے اس واقعے کے بعد انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ ایسے علاقوں میں مکمل چیکنگ کروائے جہاں ماضی میں سیکورٹی سرگرمیاں رہی ہیں، تاکہ کسی بھی ممکنہ خطرے کو وقت پر ناکام بنایا جا سکے۔انتظامیہ اور سیکورٹی ایجنسیوں کی بروقت کارروائی سے علاقے میں کسی ناخوشگوار واقعہ سے بچا گیا ہے۔