عظمیٰ یاسمین
تھنہ منڈی// حالیہ دنوں کی طوفانی بارشوں نے خطے بھر کی معمولاتِ زندگی درہم برہم کر دی ہیں۔ منیال تا درہ رابطہ سڑک بمقام اَلَال بارش کے باعث شدید طور پر متاثر ہوئی ہے، جہاں بھاری مٹی اور پتھروں کے تودے گر آنے سے گاڑیوں کی آمد و رفت مکمل طور پر معطل ہوگئی ہے۔ اس اچانک بندش نے مقامی آبادی کو سخت پریشانی میں مبتلا کردیا ہے۔ اہلِ علاقہ کے مطابق مریضوں کو ہسپتال پہنچانا مشکل ہوگیا ہے جبکہ طلبہ کو تعلیمی اداروں تک رسائی میں بھی شدید دشواری کا سامنا ہے۔ روزمرہ اشیائے ضروریہ کی ترسیل معطل ہونے سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ اَلَال کے مقامی نوجوان تنویر چوہدری نے بتایا کہ’’یہ سڑک ہماری زندگی کی بنیادی ضرورت ہے لیکن ہر بارش کے بعد اس کی بندش معمول بن گئی ہے۔ عوامی مشکلات پر کوئی سنوائی نہیں ہو رہی۔ ہم انتظامیہ سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ مستقل بنیادوں پر اس سڑک کی مرمت اور استحکام کو یقینی بنایا جائے تاکہ آئندہ عوام کو ایسے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے‘‘۔ عوامی نمائندوں اور مقامی باسیوں نے بھی انتظامیہ سے پْرزور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر مشینری اور عملہ روانہ کرکے ملبہ ہٹایا جائے اور سڑک کو قابلِ آمد و رفت بنایا جائے تاکہ علاقے کے عوام کو اس کٹھن صورتحال سے نجات مل سکے۔ عوام نے یہ بھی کہا کہ اس رابطہ سڑک کی خستہ حالی اور ہر بارش کے بعد بندش معمول بنتی جارہی ہے، جس پر مستقل بنیادوں پر توجہ دینے کی اشد ضرورت ہے۔ بصورتِ دیگر یہ علاقہ آمدورفت کے بحران کا شکار رہے گا۔