عظمیٰ نیوز سروس
نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے ہندوستان کو منگولیا کی ترقی میں ایک مضبوط اور قابل اعتماد شراکت دار قرار دیتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 سال مکمل ہونے کے موقع پر منگولیا کے شہریوں کے لیے مفت ای-ویزا کا اعلان کیا ہے ۔ مودی نے ہندوستان کے دورے پر آئے منگولیا کے صدرہوریل سُکھ اُکھنا کے ساتھ یہاں دوطرفہ بات چیت کے بعد مشترکہ بیان میں کہا کہ ہندوستان منگولیا کی ترقی میں ایک مضبوط اور قابل اعتماد شراکت دار رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صدر ہوریل سُکھ اُکھنا کا یہ دورہ ایسے وقت پر ہو رہا ہے جب ہندوستان اور منگولیا کے درمیان سفارتی تعلقات کے 70 سال اور اسٹریٹجک شراکت داری کے 10 سال مکمل ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چھ سال بعد منگولیا کے صدر کا ہندوستان آنا ایک بہت خاص موقع ہے ۔ وزیر اعظم نے اس موقع پر اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہندوستان منگولیا کے شہریوں کو مفت ای-ویزا دے گا اور ہر سال منگولیا سے نوجوان “کلچرل ایمبیسیڈرز” کے ہندوستان دورے کا انتظام بھی کرے گا۔ مودی نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دس سال پہلے ہونے والی اسٹریٹجک شراکت داری کو بڑھایا گیا ہے اور یہ مزید گہری ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دفاع اور سلامتی سے متعلق تعاون بھی مسلسل مضبوط ہو رہا ہے ۔ وزیر اعظم نے کہا، “ہندوستان اور منگولیا کے تعلقات صرف سفارتی نہیں ہیں بلکہ ہمارے درمیان دوستانہ اور روحانی رشتہ ہے ۔ ہمارے تعلقات کی اصل گہرائی اور وسعت ہمارے عوام کے درمیان رابطے میں نظر آتی ہے ۔وزیر اعظم نے دونوں ممالک کے درمیان روحانی تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ سال بھگوان بدھ کے دو عظیم شاگرد – سارِپُتر اور مودرلیا-ین کے پوتر باقیات ہندوستان سے منگولیا بھیجے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہا ہندوستان منگولیا کی ”گندن مونیسٹری” میں ایک سنسکرت استاد بھی بھیجے گا تاکہ وہاں کے بدھ مت کے متون کا گہرائی سے مطالعہ کیا جا سکے اور قدیم علمی روایت کو آگے بڑھایا جا سکے۔