سمت بھارگو
منجا کوٹ//منجا کوٹ تحصیل کے منگل ناڑ گاؤں میں لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے قریب ایک نئی تشویشناک صورتحال پیدا ہوگئی ہے جہاں زمین کا ایک بڑا حصہ دھیرے دھیرے کھسک رہا ہے اور مٹی کے تودے کی شکل اختیار کر رہا ہے۔ اس اچانک تبدیلی نے مقامی لوگوں میں شدید خوف و ہراس پیدا کر دیا ہے۔علاقے سے موصولہ اطلاعات کے مطابق تقریباً پچاس کنال اراضی اس وقت زمین کھسکنے کے عمل سے متاثر ہے اور مختلف مقامات پر بڑی بڑی دراڑیں پڑ گئی ہیں۔ اس صورتحال نے ڈھلوان پر واقع رہائشی مکانات کو سنگین خطرات سے دوچار کر دیا ہے۔مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ زمین کھسکنے کے باعث پاور ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ اور جل شکتی محکمہ کی تنصیبات کو نقصان پہنچا ہے جس کی وجہ سے گاؤں میں بجلی اور پانی جیسی بنیادی سہولیات بھی متاثر ہوئی ہیں۔تحصیلدار منجا کوٹ، جازیہ کاظمی نے تصدیق کی کہ کم از کم دس مکانات فوری خطرے کے زون میں آ گئے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ ایک متاثرہ خاندان، جو محمد معروف ولد وزیر محمد کا ہے، کو احتیاطی تدبیر کے طور پر پہلے ہی ان کے رشتہ داروں کے گھر منتقل کر دیا گیا ہے۔اہل گاؤں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ فوری اقدامات اٹھائے تاکہ مزید نقصان سے بچا جا سکے اور متاثرہ خاندانوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا سکے۔ اس کے ساتھ ساتھ ماہرین کی ٹیم بھیجے جانے کی ضرورت پر زور دیا جا رہا ہے تاکہ زمین کھسکنے کی رفتار اور اس کے ممکنہ اثرات کا جائزہ لیا جا سکے۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو یہ صورتحال کسی بڑے حادثے کا سبب بن سکتی ہے اور درجنوں مکانات کو شدید نقصان پہنچ سکتا ہے۔