بانہال // ڈگڈول رام بن علاقے میں بھاری پسیاں گر آنے کی وجہ سے جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت پچھلے چوبیس گھنٹوں سے مسلسل بند رہی۔ پچھلے دو روز سے ڈگڈول اور منکی موڑ رام بن کے مقامات پر گرتے پتھروں اور پسیوں کی وجہ سے شاہراہ پر ٹریفک کی نقل وحرکت بار بار متاثر رہی ۔بدھ کی شام چھ بجے سے ڈگڈول کے مقام پر گر آئی بھاری پسی کی وجہ سے شاہراہ مکمل طور بند ہوئی، جس سے جمعرات کی شام تک ہزاروںگاڑیاں درماندہ تھیں ۔ شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے تین ہزار کے قریب مال اور مسافر گاڑیاں بانہال اور اودہمپور کے درمیان متعدد مقامات پر درماندہ ہوکر رہ گئی ہیں جبکہ منگل اور بدھ کی رات شاہراہ پر شدید نوعیت کے ٹریفک جام کی وجہ سے سینکڑوں مسافروں کو پوری رات رام بن اور بانہال کے درمیان ٹریفک جام میں گزارنا پڑی تھی۔ڈی ایس پی ٹریفک رام بن سریش شرما نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پچھلے تین روز سے بیٹری چشمہ اور ڈگڈول کے درمیان متعدد مقامات پر مسلسل پتھر گر رہے تھے اور یہ عمل بدھ کی شام چھ بجے تک جاری رہا۔تاہم اسکے بعد ایک بھاری پسی گر آئی جس نے ریفک کی آمد و رفت مکمل طور پر بند کردی۔یہ صورتحال جمعرات کی شام تک برقرار تھی۔ انہوں نے کہا کہ گرتے پتھروں کی وجہ سے شاہراہ کی بحالی کا کام بار بار متاثر ہورہا ہے اور ڈگڈول کے مقام پر بھاری ملبہ سڑک پر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھاری پسی کی وجہ سے سڑک کے کچھ حصے کو بھی نقصان پہنچا ہے اور سڑک میں دراڑیں پیدا ہوئی ہیں۔ انہوں نے کہ شاہراہ کی بحالی کیلئے تعمیراتی کمپنی کی مشینری کام پر لگائی گئی ہے لیکن سڑک کی بحالی کا کام متاثر ہورہا ہے۔