جاوید اقبال
مینڈھر// مینڈھر کے منکوٹ علاقے میں بدھ کے روز ایک افسوسناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں ایک پرائیویٹ اسکول کا پانچویں جماعت کا طالب علم شدید زخمی ہو گیا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب بچے حسبِ معمول ایکو گاڑی میں اسکول جا رہے تھے کہ اچانک دو گاڑیوں کے درمیان زور دار ٹکر ہوگئی، جس کی زد میں آکر ایک بچے کو سر پر گہری چوٹیں آئیں۔عینی شاہدین کے مطابق حادثہ اتنا شدید تھا کہ گاڑی میں موجود بچوں میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ موقع پر موجود لوگوں نے فوری طور پر ریسکیو کارروائی کرتے ہوئے زخمی بچے کو ابتدائی طبی امداد کے لیے سب ڈسٹرکٹ ہسپتال مینڈھر منتقل کیا۔ڈاکٹروں نے بچے کی حالت نازک بتاتے ہوئے بہتر علاج اور تشخیص کے لیے اسے گورنمنٹ میڈیکل کالج (GMC) راجوری ریفر کردیا، جہاں اس کا علاج جاری ہے۔پولیس نے اس واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کیس درج کر لیا ہے اور حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ علاقے میں اس واقعے کے بعد سوگ اور تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے جبکہ مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے سڑکوں پر حفاظتی انتظامات مزید سخت کرنے کی اپیل کی ہے۔