عظمیٰ نیوز سروس
مینڈھر //منکوٹ میں دو روزہ فیس ٹو فیس اساتذہ کی تربیتی ورکشاپ کامیابی کے ساتھ اختتام پذیر ہوگئی۔ یہ تربیتی پروگرام ’ایسپریشنل بلاک پروگرام‘ کے تحت جونان پرابودھنی پونے نامی غیر سرکاری تنظیم (NGO) کے ماہرین کی زیر نگرانی منعقد کیا گیا۔ اس ورکشاپ کا مقصد آن لائن تدریس کے لئے مواد تخلیق کرنے والے اساتذہ کی صلاحیتوں کو بڑھانا تھا، تاکہ وہ زون منکوٹ میں تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنا سکیں۔ورکشاپ کے دوران، شرکاء کو جدید تدریسی مہارتوں اور آن لائن تعلیم کے موثر طریقے سکھائے گئے، تاکہ وہ طلبہ کو بہتر انداز میں تعلیمی مواد فراہم کر سکیں۔ اس موقع پر ڈپٹی سی ای او (ہیڈ کوارٹر منڈھر) محمد لطیف چوہدری نے بھی ورکشاپ کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ڈیجیٹل لرننگ کی اہمیت پر روشنی ڈالی اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے تعلیمی نظام کو مزید مضبوط کرنے پر زور دیا۔یہ تربیتی ورکشاپ ایسپریشنل بلاک منکوٹ کے تعلیمی معیار کو بلند کرنے اور طلباء کے تعلیمی نتائج کو بہتر بنانے کے لئے ایک اہم قدم ثابت ہوگی۔ اساتذہ کو مختلف تعلیمی ایپلیکیشنز، انٹرایکٹو لرننگ ٹولز اور آن لائن پلیٹ فارمز کے استعمال سے واقف کرایا گیا، تاکہ وہ زیادہ مؤثر اور معیاری تدریسی طریقے اپنا سکیں۔گورنمنٹ ہائر سیکنڈری اسکول منکوٹ کے پرنسپل محمد زبیر نے تمام انتظامات بحسن و خوبی انجام دئیے ، جن میں شرکاء کے لئے ریفریشمنٹ، ظہرانے اور چائے کی سہولت شامل تھی۔ اس کے علاوہ، تربیتی سیشنز کے لئے مکمل طور پر جدید سہولیات سے آراستہ آئی سی ٹی لیب فراہم کی گئی، جس نے شرکاء کو عملی سیکھنے کے مواقع فراہم کئے۔