محتشم احتشام
پونچھ// ہائیراسکینڈری اسکول لورن میں معروف مقامی شخصیات مرحوم ماسٹر عارف حسین ملک اور مرحوم چوہدری بشیر احمد کامران کی یاد میں منعقد والی بال ٹورنمنٹ کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔ اس موقع پر مہمان خصوصی ایس ایچ او لورن نویت انجم اور پرنسپل ہائیر اسکینڈری اسکول لورن سریندر کمار موجود تھے۔ٹورنمنٹ کی افتتاحی تقریب میں اسکول کے طلباء، اساتذہ اور مقامی کمیونٹی کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مہمان خصوصی نے مرحومین کی خدمات کو یاد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ٹورنمنٹ نہ صرف کھیل کے فروغ کا ذریعہ ہے بلکہ نوجوانوں میں ٹیم ورک، نظم و ضبط اور محنت کی تربیت بھی فراہم کرتا ہے۔ پرنسپل سریندر کمار نے اس موقع پر ٹورنمنٹ کے انعقاد پر خوشی کا اظہار کیا اور طلباء کو کھیلوں میں حصہ لینے اور اپنے ٹیلنٹ کو نکھارنے کی ترغیب دی۔تقریب کے دوران مختلف اسکولوں کی ٹیموں نے حصہ لیا اور شائقین نے جوش و خروش کے ساتھ کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی۔ ٹورنمنٹ کے دوران کھیل کے ساتھ ساتھ طلبہ میں بھائی چارے اور مثبت سرگرمیوں کو فروغ دینے پر بھی زور دیا گیا۔ٹورنمنٹ چند دنوں تک جاری رہے گا اور فاتح ٹیم کو خصوصی انعامات سے نوازا جائے گا۔