منڈی// حالیہ سرحدی کشیدگی سیجہاں پوری ریاست میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا ہوگیاہے وہیں تحصیل منڈی کے سرحدی علاقوں میں مکین خوف وہراس کے سائے میں زندگی گزاررہے ہیں۔ذارئع کے مطابق تحصیل منڈی کے سرحدی علاقہ ساوجیاں کے لوگ گزشتہ کئی دنوں سے حدمتارکہ پرگولہ باری کے تبادلے سے ڈرے اورسہمے ہوئے ہیں اوران کے خوف میں گزشتہ دودنوں سے کافی زیادہ اضافہ ہواہے ۔پیر اور منگل سے ہند پاک افواج کے درمیان ہونے والے فضائی حملوں اورگولہ باری کے تبادلے کااثرساوجیاں کے لوگوں پربراہ راست پڑاہے ۔ کشمیر عظمی کی ٹیم نے منگل کے روزسرحدی گائوں ساوجیاں کا دورہ کرکے لوگوں سے بات کی ۔اس دوران لوگوں نے بتایا کہ ساوجیاں گزشتہ پانچ دہائیوں سے سرحدی کشیدگی کوجھیل رہاہے ۔انہوں نے کہاکہ اس علاقے سے زیادہ دُکھ کسی دوسرے سرحدی گائوں نے نہیں جھیلاہوگا۔ غلام قادر تانترے نامی ایک مقامی شخص نے کہاکہ کہ گزشتہ کافی عرصہ سے ہند پاک کشیدگی کی وجہ سے اس علاقہ کے لوگوں کو یہ خوف ستا رہا ہے کہ نامعلوم کب سرحد سے گولہ باری ہوجائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ حالیہ ہند پاک کشیدگی کی وجہ سے گگڑیاں ،ساوجیاں ،میدان چاپڑیاں، اوڑی پورہ، ڈنہ نیڑیاں کے لوگ رات جاگ کرگزارتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ہر وقت یہ خوف لاحق رہتا ہے کہ نہ جانے کب اس علاقہ میں گولہ باری شروع ہو جائے گی۔ انہوں نے مزیدکہاکہ یہاں کے عوام کے لیے انتظامیہ کی طرف سے نہ ہی زمین دوز بنکر بنائے گئے ہیں اور نہ ہی گولہ باری کے وقت انکے چھپنے کے لیے کوئی مناسب جگہ ہے ۔ایک دیگرمقامی شخص عبدالحمید ملک نے کہا کہ دو سال قبل سرحدپارسے مذکورہ سرحدی علاقہ جات میں شدید گولہ باری کی گئی تھی جسکی وجہ سے گلی علاقہ میں کافی نقصان ہوا تھا اور آج تک انتظامیہ نے اس کاکوئی معاوضہ نہیں دیاہے۔انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے درمیان گزشتہ دو دن سے جو حالات بنے ہوئے ہیں اس سے وہ خوف ودہشت میں ہیں یہاں کے عوام نے دونوں ملکوں کے سربراہان سے اپیل کی ہے کہ وہ ان حالات کو معمول میں لائیں اور اس جنگ جیسی صورت حال سے نجات حاصل کرنے کیلئے میزپرآکربات چیت کاعمل شروع کیاجائے تاکہ سرحدی عوام کی مشکلات کاتحفظ یقینی بن سکے۔ واضح رہے کہ منڈی تحصیل کا ساوجیاں علاقہ ہند پاک سرحد کے عین قریب واقع ہے جہاں کے لوگ گزشتہ پانچ دہائیوں سے ہند پاک کشید ہ تعلقات کی وجہ سے اضطرابی صورتحال سے دوچارہیںاور حالیہ ہند پاک کشیدگی کی وجہ سے بھی اس علاقہ کے لوگ سہمے ہوئے اور دہشت کی زد میں ہیں۔