کیچڑ میں پھنسی گاڑیوںنے ہر ایک کو پریشان،منٹوں کا سفر میں گھنٹوں کا ہوگیا
حسین محتشم
پونچھ // سرحدی ضلع پونچھ کے سب ڈویژن سرنکوٹ کے گاؤں پھاگلہ میں سڑک کی خستہ حالی نے نہ صرف عام لوگوں بلکہ سرکاری ملازمین کو بھی شدید مشکلات میں مبتلا کر رکھا ہے۔ گاؤں کے عوام برسوں سے اس مسئلے کو اجاگر کر رہے ہیں، لیکن تاحال اس طرف خاطر خواہ توجہ نہیں دی گئی۔گزشتہ روز ایک افسوسناک اور تشویشناک منظر اس وقت سامنے آیا جب اسکول جانے والے اساتذہ کی گاڑیاں خراب راستے پر کیچڑ میں پھنس گئیں۔ صورتحال اس قدر ابتر تھی کہ اساتذہ کو اپنی گاڑیاں باہر نکالنے کے لئے خود ہی پتھر اور مٹی ڈال کر راستہ ہموار کرنا پڑا۔ اس دوران کئی عرصہ تک ٹریفک معطل رہی اور دیگر عام راہگیر بھی مشکلات کا شکار ہوئے۔یہ سڑک منڈی پھاگلہ کو پنچایت لور گھر سے ملاتی ہے اور مقامی لوگوں کیلئے آمدورفت کا ایک اہم ذریعہ ہے۔ مقامی افراد کے مطابق جب اس لنک روڈ کی تعمیر کی گئی تھی تو تقریباً ڈیڑھ سو میٹر کا حصہ بلیک ٹاپنگ سے محروم رہ گیا تھا۔ یہی حصہ اب ہر بارش کے دوران کیچڑ اور کھڈوں میں تبدیل ہو جاتا ہے جس کی وجہ سے گاڑیوں کی آمدورفت نہ صرف دشوار ہو جاتی ہے بلکہ بعض اوقات مکمل طور پر بند بھی ہو جاتی ہے۔اساتذہ کا کہنا ہے کہ انہیں روزانہ اپنی ڈیوٹی پر جانے کے لئے اسی راستے سے گزرنا پڑتا ہے جو ان کے لئے کڑا امتحان بن چکا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کئی بار اس خستہ حال راستے پر ان کی گاڑیاں خراب ہو چکی ہیں جس سے وقت اور پیسوں کا بھی نقصان ہوا ہے۔ بعض اوقات انہیں پیدل ہی اسکول جانا پڑتا ہے تاکہ بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔مقامی لوگوں اور ملازمین نے اس موقع پر شدید ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ کی عدم توجہ کی وجہ سے یہ مسئلہ دن بہ دن سنگین ہوتا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر بروقت مرمتی کام نہ کیا گیا تو آنے والے دنوں میں یہ راستہ بالکل ناقابلِ استعمال ہو جائے گا، جس کا خمیازہ پورے علاقے کے عوام کو بھگتنا پڑے گا۔اساتذہ نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ سے فوری مداخلت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس سڑک کی مرمت کے لئے جلد از جلد فنڈز فراہم کئے جائیں تاکہ راستہ قابلِ استعمال بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ڈی سی پونچھ جو ماضی میں ڈائریکٹر سکول ایجوکیشن جموں بھی رہ چکے ہیں، اساتذہ اور طلبہ کے مسائل کو بخوبی سمجھتے ہیں۔ اسلئے امید کی جا رہی ہے کہ وہ اس اہم مسئلے کو سنجیدگی سے لیں گے اور جلد از جلد مرمتی کام شروع کروائیں گے۔عام لوگوں نے بھی یہی مطالبہ دہرایا کہ منڈی پھاگلہ تا لور گھر سڑک کے بلیک ٹاپ سے محروم حصے کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس وقت بارش کے موسم میں مریضوں کو اسپتال پہنچانے میں بھی دشواری ہوتی ہے، یہاں تک کہ بعض اوقات ایمبولینس بھی اس راستے پر پھنس جاتی ہے۔