عشرت حسین بٹ
منڈی // ایک اہم قانونی کارروائی کے تحت پونچھ پولیس نے ہفتہ کے روز تحصیل منڈی کے گاؤں چاپڑیاں ساوجیاں میں محمد اعظم ولد محمد اکبر کی سات مرلہ غیر منقولہ جائیداد (زیرِ خسرہ نمبر 1223) ضبط کر لی۔پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ کارروائی ضابطہ فوجداری (سی آر پی سی) کی دفعہ 88 کے تحت معزز عدالت کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے عمل میں لائی گئی۔بیان میں کہا گیا ہے کہ محمد اعظم پولیس تھانہ منڈی میں درج ایف آئی آر نمبر 27/2023 میں مطلوب تھا اور وہ قبل ازیں پاکستان/پی او جے کے فرار ہو گیا تھا جہاں سے وہ ملک دشمن سرگرمیوں کو انجام دے رہا تھا، بعد ازاں عدالت نے اُسے ’اشتہاری مجرم‘ قرار دیا۔پولیس نے مزید بتایا کہ مسلسل کوششوں کے باوجود محمد اعظم گرفتاری سے بچتا رہا جس کے بعد عدالت نے اس کی جائیداد ضبط کرنے کے احکامات جاری کئے۔ انہی احکامات پر عمل کرتے ہوئے پونچھ پولیس نے محکمہ مال کے ساتھ قریبی تال میل میں مذکورہ غیر منقولہ جائیداد کی ضبطی کو عمل میں لایا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی پونچھ پولیس کے قانون کی حکمرانی کو برقرار رکھنے اور اشتہاری مجرموں کو قانون کے شکنجے میں لانے کے عزم کو واضح کرتی ہے۔ پولیس حکام نے مزید کہا کہ محمد اعظم کا سراغ لگانے اور اسے گرفتار کرنے کی کوششیں مزید تیز کر دی گئی ہیں۔پولیس کے مطابق محمداعظم کالعدم ملی ٹینٹ تنظیم حزب المجاہدین کا ایک فعال ہینڈلر ہے اور متعدد عسکریت پسندانہ معاملات میں ملوث ہے۔ پاکستان مقبوضہ کشمیر فرار ہونے کے بعد سے وہ جموں و کشمیر کے مختلف علاقوں، بالخصوص راجوری اور پونچھ خطے میں تخریبی سرگرمیوں کو منظم کرنے میں سرگرم رہا ہے۔