منڈی//تحصیل منڈی میں شدید اور موسلادھا ر بارش کی وجہ سے دوسرے روز بھی عام زندگی مفلوج رہی ۔بارش کی وجہ سے تحصیل منڈی کے مختلف علاقہ جات میں 10 رہائشی مکانات کو جزوی طور پر نقصانات پہنچنے کی اطلاعات ملی ہیں جبکہ منڈی لورن ،ساوجیاں سڑکوں پر جگہ جگہ پسیاں پڑنے کی وجہ سے دوسرے روز بھی ٹریفک کی نقل وحمل نہیں ہوئی ۔تحصیل کے پلیرہ جندراولہ ساوجیاں میں بارش کی وجہ سے رہائشی مکانات کو جزوی طور پر نقصان ہوا ہے۔ ایس ایچ او منڈی شکیل منہاس نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پلیرہ میں دو، جندرولہ میں چھ جبکہ ساوجیاں میں دو رہائشی مکانات کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کو ان مکان ملکان کی طرف سے درخواستیں موصول ہوئی ہیں ۔شدید بارش کی وجہ سے منڈی لورن سڑک پر براچھڑ کے مقام پر پسی گرنے کی وجہ سے دوسرے دن بھی گاڑیوں کی آمدورفت بند رہی اور لوگوں کو پیدل سفر کرناپڑا۔ادھر اسی سڑک پر راجپورہ کے مقام پر پسی گرآئی جس پر سے بعد دوپہرکوملبہ صاف کیاگیااورمنڈی تا پلیرہ سڑک کو گاڑیوں کی آمدو رفت کے قابل بنایاگیا۔منڈی ساوجیاں سڑک پر بھی جگہ جگہ پسیاں پڑنے کی وجہ سے دوسرے روز بھی لوگوں کو پیدل ہی سفر کرنا پڑا۔ اس سڑک پر کھیت اور چھمبر کے مقامات پر پسیاں گری ہیں اور ملبہ صاف نہ کئے جانے کے باعث لوگوں کو مشکلات کاسامناہے ۔لوگوں نے محکمہ پی ایم جی ایس وائی اور گریف پر لاپرواہی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ دو دن گزرگئے ہیں لیکن ابھی تک ملبہ صاف کرنے کاکام شروع نہیںہوا۔