عظمیٰ نیوز سروس
منڈی//ڈائر یکٹر محکمہ اسکولی تعلیم کی ہدایات کے مطابق’آن سائٹ اسکول پروفائلنگ سروے‘ کے سلسلے میں ایک اہم میٹنگ کا انعقاد گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول منڈی میں کیا گیا۔ اس میٹنگ کا اہتمام انور خان، کلسٹر ہیڈ و پرنسپل، بوائز ہائیر سیکنڈری اسکول منڈی کی زیر نگرانی عمل میں آیا۔اس میٹنگ کا مقصد ادارہ جاتی سربراہان کو اسکول پروفائلنگ سروے کے بارے میں بیدار کرنا تھا۔ اس سروے کا مقصد تعلیمی، بنیادی ڈھانچے، افرادی قوت اور وسائل کے اشتراک سے متعلق مکمل اور درست ڈیٹا اکٹھا کرنا ہے تاکہ محکمہ اسکولی تعلیم خرد اور کلّی منصوبہ بندی کے تحت بہتر پالیسیاں تشکیل دے سکے۔یہ اجلاس دو حصوں پر مشتمل تھا صبح 10بجے سب کلسٹر ایچ ایس پالیرہ کے تحت آنے والے اسکولوں کی میٹنگ منعقد ہوئی جبکہ دوپہر 12بجے سب کلسٹرز بیدار اور ایچ ایس ڈونگام کے اسکولوں کی میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔کل 45 ادارہ جاتی سربراہان نے میٹنگ میں فعال شرکت کی۔ ہر سربراہ کو ہدایت دی گئی تھی کہ وہ 192 نکاتی سوالنامہ (ہارڈ اور سافٹ کاپی ایکسل فارمیٹ میں مکمل کر کے لائیں، نیز ہر جماعت کی جنس کے حساب سے داخلہ فہرست (پری پرائمری سمیت) دستخط و مہر شدہ صورت میں ساتھ لائیں۔انور خان نے اجلاس کے دوران ایک تفصیلی اور مؤثر گفتگو کی، جس میں انہوں نے سوالنامہ کے ہر پہلو کی وضاحت کی۔ انہوں نے جمع کیے جانے والے ڈیٹا کی تعلیمی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ یہ کام وقت کی پابندی اور درستگی کے ساتھ مکمل کیا جائے۔ انہوں نے اساتذہ کو سرکاری مواقع پر پیشہ ورانہ انداز اور رسمی لباس اپنانے کی ہدایت بھی دی۔اس موقع پر نازک حسین شاہ، وائس پرنسپل گرلز ہائیر سیکنڈری اسکول منڈی، اور برکت حسین، سینئر لیکچرر، نے بھی اساتذہ سے خطاب کیا اور سروے کے مقاصد کو مزید واضح کیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسکول سطح پر اس عمل کو مؤثر طریقے سے انجام دینے کے لئے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔یہ بھی واضح کیا گیا کہ سنگل ٹیچر اسکولوں کے سربراہان کو اس میٹنگ سے مستثنیٰ رکھا گیا ہے اور ان سے الگ سے آن لائن اجلاس کے ذریعے بات چیت کی جائے گی۔میٹنگ کا اختتام باہمی تعاون اور عزم کے ساتھ ہوا، جہاں تمام ادارہ جاتی سربراہان نے اس بات کا اعادہ کیا کہ وہ تعلیم کے شعبے کی ہمہ گیر منصوبہ بندی اور ترقی کے لئے قابل اعتماد ڈیٹا فراہم کریں گے۔