عشرت حسین بٹ
منڈی//منڈی پونچھ میں تین روزقبل قہر انگیزژالہ باری کی وجہ سے پھلوں، سبزیوں اور فصلوں کو بھاری نقصان پہنچا ۔ محکمہ باغبانی منڈی کی ’نرسری‘ راجپورہ منڈی بھی میں پھلوں اور پھلدار پیڑوں کو کافی نقصان ہوا اور اس نرسری میں تمام میوہ جات درخت زمین بوس ہو کر رہ گئے۔ اس حوالے سے محکمہ باغبانی کے مالی خالد محمود اورٹیکنیشن منظور احمد نے کہا کہ موسلادھار بارش کے ساتھ ساتھ قہر انگیز ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے نرسری میں پھلوں کو کافی نقصان ہوا ۔
ان کا کہنا تھا کہ اس کے علاوہ منڈی تحصیل کے گرد و نواح میں جن کسانوں نے میوہ باغات لگائے ہوئے تھے ،میں بھی ژالہ باری کی وجہ سے بھاری نقصان ہوا۔واضع رہے کہ منڈی،لورن،ساوجیاں،ساتھرہ اور دیگر ملحقہ علاقوں سے بھی سبزیاں، پھل اور فصل کے نقصان ہونے کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں جس کے نتیجے میں کسان طبقہ سخت پریشان ہے ۔ کسانوں نے اس برس جو فصل بوئی تھی وہ کافی حد تک تیار ہوچکی تھی مگراس سے قبل ہی ژالہ باری ہوگئی اور شدید نقصان ہوا۔کسانوں کا کہنا ہے کہ ژالہ باری کی وجہ سے ناقابل برداشت نقصان ہوچکا ہے۔ یہاں تک کہ شدید ژالہ باری سے پیڑوں کی شاخیں بھی گرگئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سال قریب چار ہزار قلمیں لگائی گئی تھیں لیکن شدید ژالہ باری سے سب ٹوٹ چکی ہیں۔عوامِ نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ جلد از جلد ان علاقوں میں ماہرین کی ٹیمیں روانہ کرکے نقصانات کا جائزہ لیا جائے اورمتاثرین کو معقول معاوضہ فراہم کیا جائے۔