عشرت حسین بٹ
منڈی//تحصیل منڈی کے اعلی پیر بازار میں اتوار دیر رات گئے ایک دکان میں بجلی شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے آتشزدگی کی وارداد پیش آئی جس میں رکھا ہوا لاکھوں کا سامان خاکستر ہوگیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق ا توارکی دیر شام گئے منڈی کے اعلی پیر علاقہ میں معشوق احمد بٹ نامی کی دکان جس میں بجلی کا سامان تھا ،بجلی شارٹ سرکٹ ہونے کی وجہ سے المناک آتشزدگی کی وجہ سے پوری طرح جل گئی جس میں رکھا ہوا لاکھوں کا سامان جل کر راکھ کے ڈھیر میں تبدیل ہو گیا۔ ذرائع نے بتایا جونہی دکان میں آگ نمودار ہوئی تو وہاں پر نزدیک موجود پولیس اور بی ایس ایف کے نوجوانوں نے فائر اینڈ ایمرجنسی کی گاڑی کو کال کیا اور خود آگ بجھانے میں لگ گئے ۔انہوں نے کہاکہ اگرچہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی گاڑی پہنچ گئی تھی مگر آگ اتنی شدت سے لگی ہوئی تھی کہ دکان میں رکھا ہوا سامان جل کر تباہ ہوگیا۔ انہوں نے کہاکہ فائر اینڈ ایمرجنسی کی گاڑی اور ان کے عملے نے باقی مارکیٹ کو جلنے سے بچا لیا ۔دکان مالک معشوق احمد بٹ نے بتایا کہ وہ اپنے گھر میں سوئے ہوئے تھے کہ کسی شخص نے آکر انہیں یہ خبر دی کہ آپ کی دکان سے دھواں نکل رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جوہی میں باہر آیا تو دیکھا میری دکان کو آگ لگی ہوئی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اتنے میں فائر اینڈ ایمرجنسی کی گاڑی بھی آئی اور ساتھ میں بی ایس ایف پولیس اور مقامی لوگوں نے آگ بجھانے کی بڑی کوشش کی مگر آگ اتنی شدت کی تھی کہ وہ کچھ ہی لمحوں میں پھیل گئی اور پوری دکان میں رکھا ہوا بیس لاکھ سے زائد بجلی کا سامان جل کر راکھ ہو گیا ۔انہوں نے کہاکہ باقی دکانوں کو آگ لگنے سے بچالیا گیا۔ معشوق نے کہا کہ انہوںاپنی زندگی کی پوری جمع پونجی کو اسی دکان پر لگایا تھا مگر آگ لگنے کی وجہ سے سب کچھ ختم ہو گیا ۔دکان مالک اور منڈی کے معززین نے انتظامیہ سے گزارش کی کہ معشوق کا تعلق ایک غریب خاندان سے ہے اور وہ اسی دکان سے جو دن میں کماتے تھارات کو اپنے بچوں کو کھلاتے تھا۔