منڈی//خراب موسم اور شدید بارش و برف باری کی وجہ سے تحصیل منڈی میں سردی کی شد یدمیں اضافہ ہو گیا ہے ۔تحصیل کے بالائی علاقہ جات لورن اور ساوجیاں کی پہاڑیاں ایک بار پھر برف سے ڈھک گئی ہیں جس کی وجہ سے پوری تحصیل سردی کی شدید لپیٹ میں آ گئی ہے ۔ لوگوں کو گرم ملبوسات کا سہارا لینا پڑرہاہے۔تحصیل صدر مقام سے گیارہ اور چودہ کلو میٹر دوری پر واقع لورن و ساوجیاں کی اونچی پہاڑیوں پرمئی کے ماہ کے دوران بھی برف باری ہوئی ہے جس سے حالات موسم سرما جیسے بن گئے ہیںاورسردی کی شدت اس قدر محسوس کی جارہی ہے کہ عوام نے گرم ملبوسات پھر سے زیب تن کرنے شروع کردیئے ہیں ۔لوگ سردی سے بچنے کیلئے آگ بھی جلارہے ہیں۔وہیں ڈھوکوں میں اپنا مال مویشی لے جانے والے بکرالوں کو بھی خراب موسم کی مار جھیلنی پڑ رہی ہے ۔چوہدری ولی محمد نامی شخص نے کشمیر عظمی ٰکو بتایا کہ وہ ہر سال اپریل ماہ کے آخری ہفتہ میں اپنا مال مویشی لے کر راجوری بدھل سے مولسر کے راستے سے کشمیر جاتے تھے مگر اس دفعہ ان کو منڈی کے لورن علاقہ میں ہی رہنا پڑرہاہے کیونکہ موسم خراب ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ اپریل اور مئی کے مہینوں میں نیزہ پیر اور دوسرے کشمیر جانے والے راستوں پر برف پگل جاتی تھی جس کی وجہ سے وہ آسانی سے اپنا مال مویشی لے کر کشمیر کا رخ کرتے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تازہ بارف باری کی وجہ سے انہیں کافی مشکلات کا سامنا ہے اور انہیں برف پگلنے کا انتظار ہے ۔