منڈی میں بارش اور ژالہ باری شدید گرمی سے عام لوگوں کوراحت،کسان بھی مطمئن

 عشرت حسین بٹ

منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں جمعہ کو بعد دوپہر شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے گزشتہ ایک ہفتہ سے پڑ رہی شدید گرمی سے عام لوگوں کو راحت حاصل ہوئی۔ بتا دیں کہ پورے جموں و کشمیر کی طرح ضلع پونچھ میں بھی گزشتہ دو ہفتوں سے عوام کو شدید گرمی کا سامناتھا اور تیز دھوپ کی وجہ سے دن اور رات کا درجہ حرارت کافی حد تک بڑھ گیا تھا جس کی وجہ سے گرمی میں کافی شدت آگئی تھی۔جمعہ کو بعد دوپہر موسم نے اچانک کروٹ بدلی اور منڈی تحصیل کے متعدد علاقوں میں شدید بارش اور ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے جہاں شدید گرمی سے عام لوگوں کو راحت حاصل ہو ئی وہیں کسانوں نے بھی راحت کی سانس لی۔ متعدد کسانوں نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شدید بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے انہیں کافی حد تک زمینوں کے حوالے سے راحت حاصل ہو ئی ۔ان کا کہنا تھا گزشتہ دو ہفتوں سے شدید گرمی پڑ رہی تھی جسکی وجہ سے ان کی نئی فصیلیں جلنے کے دہانے پر تھیں جبکہ پھل دار درختوں اور میوہ جات کو بھی شدید گرمی سے نقصان کا خطرہ لاحق تھا ۔کسانوں کا کہنا تھاکہ بارش کی وجہ سے تمام فصلوں کو پانی کی خوراک حاصل ہوئی جس کی وجہ سے بہتر فصل اور میوہ ہونے کی امید ہے۔

معمولی بارشوں سے مینڈھر قصبہ پانی پانی ہوگیا
ناقص نکاسی نظام کی وجہ سے برساتی پانی دکانوںمیں داخل
جاوید اقبال
مینڈھر//مینڈھر قصبہ میں پانی کی نکاسی کا ناقص نظام ہونے کی وجہ سے بارش کا سارا پانی دکانوں اور مکانوں کے اندر داخل ہوگیا اور کئی نالیاں بند ہوگئیں۔کئی دنوں کی شدید گرمی کے بعد جمعہ کی شام کو بارش ہوئی جس دوران سارا پانی دکانوں اور مکانوں کے ا ندر داخل ہوا جس سے لوگوں کو نقصان ہوا ہے۔دوکاندار طبقہ نے محکمہ دہی ترقی کے اعلیٰ آفیسران کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جب بھی زور دار بارش ہوتی ہے تونالیاں بند ہو جاتی ہیں اور بار بار دوکانداروں کا نقصان ہوتا ہے۔ لوگوں نے انتظامیہ سے ایپل کی کے قصبہ کے اندر نالیوں کی حالت کو درست کیا جائے۔ اُنکا کہنا تھا کے متعلقہ محکمہ لاکھوں روپے بس اڈے کی بولی کرواتا ہے لیکن نالیوں کا سسٹم ٹھیک نہیں ہو رہا ہے اور پیسہ ضائع ہو رہا ہے۔