عشرت حسین بٹ
منڈی//بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی پونچھ نے محکمہ یوتھ سروسز اینڈ اسپورٹس پونچھ کے اشتراک سے انٹر سکول زونل لیول یوتھ فیسٹیول کامیابی کے ساتھ منعقد کیا۔ اس فیسٹیول میں زون کے پانچ ہائر سیکنڈری اسکولوں کے طلباء نے حصہ لیا اور اپنی ثقافتی و ادبی صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا۔فیسٹیول میں لوک گیت، لوک رقص، تقریری مقابلہ، پینٹنگ، مختصر کہانی نویسی اور شاعری نویسی جیسے مقابلے منعقد کیے گئے، جن میں طلباء نے جوش و خروش کے ساتھ شرکت کی اور اپنی خلاقانہ صلاحیتوں اور ثقافتی رنگا رنگی کو اجاگر کیا۔ پروگرام کا مقصد نوجوانوں میں اعتماد پیدا کرنا، پوشیدہ صلاحیتوں کو نکھارنا اور خطے کی ثقافتی وراثت کو فروغ دینا تھا۔اس موقع پر بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی کے پرنسپل انور خان نے مہمانِ خصوصی اور چیف آرگنائزر کے طور پر خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے فیسٹیولز طلباء کی خود اعتمادی بڑھانے، قیادت کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے اور جموں و کشمیر کی ثقافتی روایات کو زندہ رکھنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ زونل فزیکل ایجوکیشن آفیسر منڈی نریندر سنگھ نے بھی منتظم اسکول کی کاوشوں اور طلباء کے جذبے کو سراہا۔تقریری مقابلے میں ہائر سیکنڈری اسکول لورن پہلی، بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی دوسری پوزیشن،لوک گیت مقابلوں بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی پہلی، گرلز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی دوسری،لوک رقص مقابلوں ہائر سیکنڈری اسکول لورن پہلی، بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی دوسری،پینٹنگ: گرلز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی پہلی،شاعری نویسی میں بوائز ہائر سیکنڈری اسکول منڈی پہلی جبکہ مختصر کہانی نویسی میں ہائر سیکنڈری اسکول لورن پہلی حاصل کی ۔مقابلوں کی جانچ کے لئے جیوری میں معزز اساتذہ اور ثقافتی شخصیات شامل تھیں، جن کے منصفانہ فیصلوں کو سراہا گیا۔ پروگرام کی نظامت مسٹر امتیاز لون نے بخوبی انجام دی۔ تقریب کا اختتام پرنسپل کی حوصلہ افزائی پر ہوا، جنہوں نے تمام طلباء کی محنت کو سراہا اور مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ حاضرین نے اس اقدام کو نوجوانوں کی صلاحیتوں کے فروغ اور علاقائی ثقافت کے تحفظ میں سنگِ میل قرار دیا۔