عشرت حسین بٹ
منڈی// پہلگام میں ملی ٹینٹوںکے ہاتھو معصوم سیاحوں کے قتل کے خلاف پورے جموں کشمیر کے ساتھ ساتھ ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی میں بھی بدھ کے روز مکمل ہڑتال کی گئی ۔یہ ہڑتال مختلف سیاسی تنظیموں علما مساجد بشمول بیوپار منڈل منڈی کے کارکنوں کی جانب سے دی گئی تھی تمام مذہبی سیاسی سماجی لوگوں نے اس ہڑتال کی حمایت کی۔ اس موقع پر منڈی کے تمام تر کاروباری مراکز تعلیمی ادارے بند رہے اور عوام نے پہلگام میں ہوئے بربریت کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔ پہلگام میں ہوئی معصوم سیاحوں کی ہلاکت کے خلاف تحصیل منڈی کے مختلف علاقوں میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے گئے جن میں لورن ساوجیاں براچھڑ ساتھرہ قابل ذکر ہیں۔ منڈی کے سیاسی رہنماؤں ائمہ مساجد نے اس واقعہ کو بزدلانہ اور انسانیت کو شرم سار کرنے سے تعبیر کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہلاکتیں انسانیت اور کشمیریت کا قتل ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے واقعات کی سماج میں کوئی بھی گنجائش نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت کو چاہے کہ اس واقعہ کی سخت ترین تحقیقات کی جائے اور ملوثین کو کیفر کردار تک پہنچایا جانا چاہے۔ انہوں نے کہا کہ جموں و کشمیر کی عوام امن چاہتی ہے اور اس طرح کے بزدلانہ واقعات کو روکا جانا چاہیے۔ منڈی تحصیل کے تمام بازار بند رہے اور عوام نے مہلوکین کے اہل خانہ کے ساتھ اظہار ہمدردی کی ۔