منڈی// ضلع پونچھ کی منڈی تا چنڈک سڑک کی تعمیر گزشتہ چار سالوں سے مکمل نہ ہو سکی جس کی وجہ سے اس سڑک پر سفر کرنے والے لوگوں کو کافی زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔منڈی چنڈک سڑک کا کام چار برس قبل شروع کیا گیا تھا مگر ابھی تک اس سڑک کی تعمیر مکمل نہ ہو سکی۔متعلقہ ٹھیکیدار نے سڑک کے دونوں طرف سے کٹائی کی ہے جس کی وجہ سے گیارہ کلو میٹر سڑک خستہ حالی کا شکار ہو گئی ہے اور اس سڑک پر منڈی تا پونچھ صرف آدھے گھنٹے میں مکمل ہونے والاسفر اب دو گھنٹیوں میں طے کیا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ ضلع پونچھ کے دوردراز علاقوں کو جانے والی سڑکوں کی حالت اس سڑک سے بہتر ہے اگر چہ سرکار کی جانب سے منڈی تا چنڈک 11 کلو میٹر سڑک کی کشادگی کی گئی ہے مگر کشادگی کے بعد سڑک پر سرکار کی جانب سے کوئی بھی تعمیری کام کافی عرصے سے نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے سڑک میں جگہ جگہ کھڈے پڑے ہوئے ہیں۔ اس سڑک پر روزانہ ہزاروں کی تعداد میں گاڑیاں سفر کرتی ہیں مگر سڑک کی خستہ حالت کی وجہ سے گاڑی مالکان اور گاڑیوں میں سفر کرنے والے مسافربھی متاثر ہورہے ہیں جبکہ اس سڑک پر چلنے والی گاڑیوں کی عمر بھی نصف سے کم ہو چکی ہے عوامی پریشانی کے باوجود بھی انتظامیہ اور متعلقہ محکمہ خواب غفلت میں ہے۔ وزیر محمد نامی ایک شخص نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ چار برس سے اس سڑک کی حالت خستہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چار برس قبل سرکار کی جانب سے منڈی تا چنڈک سڑک کی کشادگی کا کام شروع کیا گیا تھا اور سڑک کی کشادگی بھی مکمل کی گئی مگر ابھی تک اس سڑک کو معیاری بنانے کے عمل کو سنجیدگی کیساتھ نہیں لیا جارہا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ سڑک کو جلدازجلد قابل آمد ورفت بنایا جائے تاکہ مسافروں و ٹرانسپورٹروں کی مشکلات کم ہو سکیں ۔