عشرت حسین بٹ
منڈی //پورے ملک کی طرح جموں و کشمیر کے ضلع پونچھ کی منڈی تحصیل کے اڑائی علاقہ میں بھی فرزندان توحید نے جامع مسجد حویلی کے متصل اصلاح معاشرہ کمیٹی کے زیر اہتمام رسالت ماب صل اللہ علیہ وسلم کی شان میں گزشتہ دنوں ہوئی گستاخی کے خلاف سخت احتجاجی مظاہرہ کیا ۔ اس موقع پر مفتی نظیر احمد کی نگرانی میں اس پر امن احتجاج ریلی میں علاقہ کے علماء کرام کے ساتھ ساتھ سیاس سماجی اور نوجوانوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی اور گستاخی کرنے والے شخص کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرنے کا حکومت سے مطالبہ کیا۔مظاہرین نے اس موقع پر کہا کہ مسلمان کسی بھی صورت میں اللہ کے آخری پیغمبر حضرت محمد مصطفےﷺ کی گستاخی کو برداشت نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی اس طرح کی حرکت کرئے گا سرکار کو چاہیے کہ ایسے شخص کو سزا موت دی جائے ۔احتجاجیوں کا کہنا تھا کہ اسلام ہمیشہ امن اور بھائی چارے کا پیغام دیتا ہے اس کا ہر گز یہ مطلب نہیں کہ وہ اپنے رسول کے بارے میں گستاخیاں برداشت کریں گئے ۔ احتجاجیوں نے سرکار کو انتباہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر ایسے شخص کے خلاف سخت کاروائی عمل میں نہیں لائی گیی تو حالات کا ذمہ دار مرکزی سرکار ہو گی۔
مینڈھر کے علماء و معززین نے گستاخانہ زبان کی شدید مذمت کی
جاوید اقبال
مینڈھر// مرکزی جامع مسجد مینڈھر کے امام و خطیب مولانا محمد سلطان نقشبندی کی قیادت میں مینڈھر کی سیاسی و مذہبی قیادت کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی جس میں یو پی کے ایک گستاخ کی طرف سے پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ والہ وسلم کی شان پاک میں گستاخانہ زبان استعمال کرنے کی شدید مذمت کی گئی۔ اس موقعہ پر حکومت ہند سے اپیل کی گئی کہ ایسے گستاخ کو پھانسی کی سزا دی جائے اور قانون اپنی کارروائی کرے۔ سبھی نے متفقہ طور پر کہاکہ وہ کسی بھی صورت میں پیغمبر اسلام کی شان میں گستاخی برداشت نہیں کرسکتے۔ انکا کہنا تھا کہ اگر کاروائی نہیں کی گئی تو اعتجاج کا راستہ اختیار کیا جائے گا جس کی زمہ دار مرکزی سرکار پر ہو گی بعد میں ایس ڈی ایم مینڈھر کو ایک میمورنڈم بھی پیش کیا گیا اور ساتھ ہی گستاخ کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کیلئے پولیس تھانہ میں ایک درخواست دی گئی۔ اِس موقعہ پر جامع مسجد قاسم نگر مینڈھر کے امام و خطیب مولانا فتح محمد ،سابقہ وائس چانسلر ڈاکٹر شہزاد احمد ملک ،ایڈوکیٹ محمد نذیر چودھری کے علاوہ سب ڈویژن مینڈھر سے تعلق رکھنے والے علماء کرام بھی ماجود تھے۔
پیغمبر اسلامؐکے خلاف نفرت انگیز تقریر کی مذمت
محمد بشارت
کوٹرنکہ //پی ڈی پی کے سینئر لیڈر محمد فاروق انقلابی نے نرسمہانند کی طرف سے پیغمبر اسلام (ص) کے خلاف کی گئی نفرت انگیز تقریر کی سخت مذمت کی ۔ اپنے جاری کردہ ایک بیان میں انقلابی نے اس بات پر زور دیا کہ اس طرح کی اشتعال انگیز بیان بازی نہ صرف توہین آمیز ہے بلکہ یہ ہماری قوم کے امن اور ہم آہنگی کو خراب کرنے کی دانستہ کوشش بھی ہے۔انقلابی نے کہا، ’’مسلمانوں اور ان کے پیغمبر کے خلاف نرسمہانند کے مسلسل حملے ناقابل برداشت ہیں۔ ان کی تقاریر تقسیم کا بیج بوتی ہیں اور نفرت کو ہوا دیتی ہیں، جس سے ہندوستان میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو شدید خطرہ لاحق ہے۔ یہ ضروری ہے کہ اسے اپنے اعمال کے سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑے، اور میں اپنے معاشرے کی حفاظت کے لئے ایک ضروری اقدام کے طور پر عمر قید کی سزا کا مطالبہ کرتا ہوں۔انہوں نے تمام شہریوں پر زور دیا کہ وہ نفرت انگیز تقاریر کے خلاف چوکس رہیں اور تمام برادریوں کے درمیان احترام اور افہام و تفہیم کے ماحول کو فروغ دینے کے لئے مل کر کام کریں۔