سرینگر //کانگریس کے صدر غلام احمد میر کی رہائش گاہ واقعہ ائرپورٹ روڑ پر بعد از دوپہر مرکزی مذاکرتکار دنیشور شرما پہنچے اور ان سے ملاقات کی۔میر نے کہا کہ بات چیت کے دوران رابطہ کار سے انکے منڈیٹ کے بارے میں سوالات پوچھے گئے۔انہوں نے کہا کہ ہم نے ان سے پوچھا کہ وہ کشمیر میں امن وقانون کی صورتحال کو بہتر کرنے کیلئے آئے ہیں،جوکہ قلیل المدتی امن ہے،یا اسکامقصد مسئلہ کشمیر کا پائیدار حل تلاش کرنا ہے۔نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرتے ہوئے غلام احمد میر نے کہا کہ مرکزی حکومت نے ابھی تک نقشہ راہ کو ظاہر نہیں کیا ہے،اور انکی جماعت کو ابھی تک بات چیت کے مقصد کا علم ہی نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ کانگریس نے ماضی میں پنجاب،آسام اور منی پور کے مسائل کو کامیابی کے ساتھ حل کیا،اور جہاں تک کشمیر کا مسئلہ ہے،کانگریس نے نہ صرف ہمیشہ بات چیت کے دروازے کھلے رکھے بلکہ کراتی عمل کی پہل بھی کی۔انہوں نے بی جے پی کے یو ٹرن کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس کا موقف ہے کہ مزاکراتی عمل سے ہی مسائل کا تصفیہ برآمد ہوتا ہے،اور بی جے پی کو بھی اب یہ سمجھ آیا کہ بندوق اور لاٹھی کوئی حل نہیں ہے۔