عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر // لیفٹیننٹ گورنر کے بطور پانچ سال کی مدت مکمل کرنے سے کچھ دن قبل منوج سنہا نے نئی دہلی میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی ملاقات کے دوران جموں و کشمیر سے متعلق کچھ اہم معاملات پر بات چیت ہوئی۔ وزیر اعظم دفتر نے اس کی تصدیق ایکس پر کرتے ہوئے لکھا ’’ جموں کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے قومی دارالحکومت میں وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کی‘‘۔اس کی تصویر بھی انہوں نے شیئر کی تاہم ملاقات کے دوران کیا کچھ ہوا اس بارے میں کوئی بھی بات سامنے نہیں آئی ۔ خیال رہے کہ جموں کشمیر میں ریاستی درجہ کے آئندہ مونسون سیشن میں بحال کیے جانے کی افواہوں کے بیچ منوج سنہا نے ایک روز قبل یہ تجویز پیش کی کہ جموں و کشمیر میں امن و قانون کا محکمہ مرکز کے پاس رہنا چاہیے۔ لیفٹیننٹ گورنر کے بطور پانچ سال کی مدت مکمل ہونے میں کچھ دن باقی ہیں جبکہ پارلیمنٹ کا مانسوان اجلاس بھی کچھ ہی دنوں میں شروع ہو رہا ہے ۔