سزا کیلئے معیاری تحقیقات لازمی
۔7ماہ میں1388کلو،62 ہزارنیندآورگولیاں ضبط: چیف سیکریٹری
عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر// نارکو کوآرڈینیشن سینٹر کی 14ویں یوٹی سطحی میٹنگ چیف سکریٹری اتل ڈلو کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں منشیات کی تجارت اور استعمال روکنے کے لیے کوششوں کا جائزہ لیا گیا۔ چیف سکریٹری نے کہا کہ تحقیقات کا معیار بروقت عدالتوں میں مقدمات کی کامیابی اور حتمی نتائج پر براہ راست اثر انداز ہوتا ہے۔ انہوں نے موثر عدالتی کارروائی نمٹانے کو یقینی بنانے کے لیے تفتیشی عمل کی مضبوطی پر زور دیا۔چیف سکریٹری نے طویل عرصے سے زیر التوا این ڈی پی ایس مقدمات کا بھی جائزہ لیا اور متعلقہ افسران کو ہدایت دی کہ وہ تاخیر کی بنیادی وجوہات کی نشاندہی کرکے ضروری اصلاحی اقدامات شروع کریں۔منشیات سے نجات کے بنیادی ڈھانچے کی ضرورت پر توجہ دیتے ہوئے چیف سکریٹری نے علاج کی سہولیات کی دستیابی کا جائزہ لیا۔ انہوں نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ وہ نجی سہولیات پر انحصار کم کرنے کے لیے میڈیکل کالجوں اور ڈسٹرکٹ ہسپتالوں میں مریضوں کی خدمات کو بڑھائے۔ انہوں نے انسٹی ٹیوٹ آف مینٹل ہیلتھ اینڈ نیورو سائنسز میں طبی اور پیرا میڈیکل سٹاف کی صلاحیتوں کو بڑھانے پر بھی زور دیا تاکہ صحت کے اداروں میں خدمات کی رسائی کو وسعت دی جاسکے۔میٹنگ کے دوران، پولیس کے ڈائریکٹر جنرل، نلین پربھات نے منشیات کے مسئلے سے جامع طور پر نمٹنے کے لیے تمام دستیاب انسانی اور مادی وسائل کو جمع کرنے کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انسپکٹر جنرل کرائم سوجیت کمار نے محکمہ پولیس کی انسداد منشیات مہم کا آپریشنل ڈیٹا شیئر کیا۔ انہوں نے میٹنگ کو بتایا کہ رواں سال 1,032 مقدمات درج کیے گئے اور 1,416 افراد کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے علاوہ 1,388 کلو گرام منشیات اور 62,000 سے زائد سائیکو ٹراپک گولیاں ضبط کی گئیں۔این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 181 مقدمات درج کیے گئے، جس کے نتیجے میں 58 اہم منشیات فروشوںکو گرفتار کیا گیا۔مزید برآں، 220 منشیات کے ہاٹ سپاٹ کی نشاندہی کی گئی جن میں 20 نئے شناخت شدہ علاقے شامل ہیں جن میں سے 33 ہاٹ سپاٹس کو ختم کر دیا گیا ہے۔ ان علاقوں میں کل 413 گرفتاریاں کی گئیں۔ اسی طرح 45 مقدمات میں جائیداد کی قرق کی کارروائیاں کی گئیں جن میں منشیات کی تجارت سے منسلک 35 عمارتیں اور 13 گاڑیاں شامل تھیں۔ میٹنگ کو بتایا گیا کہ 39 کروڑ روپے کے اثاثے منجمد کیے گئے۔ تفتیشی صلاحیت کو بڑھانے کے لیے، 247 وقف تربیتی سیشنز منعقد کیے گئے، جن میں 2,150 سے زیادہ تفتیشی افسران کو این ڈی پی ایس کے مقدمات سے نمٹنے کی جدید تکنیکوں میں تربیت دی گئی۔