پونچھ//فوج کے زیر اہتمام ڈگری کالج پونچھ میں ایک روزہ سمپوزیم منعقد کیاگیا جس کا عنوان ’منشیات کے خطرات ‘تھا ۔اس موقعہ پر مہمان خصوصی کی حیثیت سے کمانڈنگ آفیسر6سیکٹر برگیڈ سوشانت ہلگیری شریک ہوئے جبکہ مہمان اعزازی ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد ہارون ملک اور مہمان ذی وقار ایس ایس پی پونچھ راجیو پانڈے (آئی پی ایس) تھے۔سمپوزیم کے دوران بیرون ریاست سے آئے ہوئے ماہرین ڈاکٹر روی شاستری اور ڈاکٹر سمت بخشی نے پاور پوائنٹ پرزینٹیشن کے ذریعہ ہندوستان میں منشیات کے خطرات پر مفصل گفتگو کی ۔انہوں نے ضلع انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ یہاں پر منشیات کے علاج کے لئے کم از کم ایک سینٹر ضرور قائم کریں۔انہوں نے طلباکو منشیات کے مخالف جنگ چھیڑنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ جن لوگوں پر بھی ان کو شک ہو کہ وہ منشیات کا کارو بار کرتے ہیں یا منشیات کا استعمال کرتے ہیں ،کے خلاف ضرور پولیس یا اپنے اداروں کے اعلیٰ افسران سے شکایت کریں تاکہ ان کو باز رکھا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ ایک تجزیہ کے مطابق ریاست کے صرف ایک صوبہ میں70000لوگ منشیات لیتے ہیں اور ان میں 4000لڑکیاںبھی شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ان لوگوں میں 35فیصدوہ طلبا ہیں جو آٹھویں جماعت سے بارہویں جماعت میں زیر تعلیم ہیں۔اس دوران ضلع پونچھ کے مختلف کالجوں کے طلباء نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ایس ایس پی پونچھ نے کہا کہ انہوں نے پونچھ میں پہنچتے ہی منشیات کے مخالف ایک جنگ شروع کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات ہے کہ منشایات کا استعمال کرنے والے یہ نہیں سوچتے کہ یہ پل بھر کا مزا عمر بھر کی سزا ہے۔انہوں نے منشیات فروشوںکو انتباہ جاری کرتے ہوئے کہاکہ ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی ۔ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ نے کہا کہ اس طرح کے سمپوزیم دوسرے علاقوں میں بھی ہونے چاہئے ۔وہیںبرگید کمانڈر 6سیکٹر نے بھی تمام طلبا کو سمجھایا کہ وہ نشے سے باز رہیں کیونکہ نشہ انسان کی زندگی خراب کر دیتا ہے۔اس دوران نظامت کے فرائض پردیپ کھنہ اور ساریکا مغل نے انجام دیئے۔