جموں//منشیات کی خرید وفروخت کے بیچ سرکار نے بھی اعتراف کیا ہے کہ ریاست میں یہ وباء بڑی تیزی کے ساتھ بڑھ رہی ہے اور سرکار اس کی روکتھام کیلئے بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے۔ سرکاری ا عداد وشمار کے مطابق سال2017میں وادی کے 11اضلاع سمیت جموں کے ڈوڈہ اور کشتواڑ کی 9233کنال اور8مرلہ اراضی سے پوست اور بھنگ کی کاشت کو تباہ کیا گیا ۔قانون ساز اسمبلی میں ممبر اسمبلی سونہ وار محمد اشرف میر کے ایک سوال کے تحریری جواب میں سرکار نے اعتراف کیا ہے کہ سال2016کے مقابلے میں سال2017میں منشیات کے استعمال میں اضافہ ہوا اور سرکار اس سلسلے میں بڑے پیمانے پر اقدامات کر رہی ہے ۔پوست اور بھنگ کی کاشت سے متعلق سرکار نے بتایا کہ 2895کنال 5مرلہ اراضی سے پوست اور 6385کنال 3مرلہ اراضی سے بھنگ کی کاشت تباہ کی گئی۔ کل 13علاقوں میں 9233کنال اور8مرلہ اراضی سے اس کی کاشت کو تباہ کیا گیا ۔ سرکار نے بتایا کہ پولیس ، کرائم پرانچ ، ریونیو ،ایکسائز محکمہ نے پلوامہ میں 884کنال ،اننت ناگ میں 2065کنال 10مرلہ ، شوپیاں میں 612کنال، بڈگام میں 1135 کنال اوربارہمولہ میں 1237کنال اراضی سے پوست اور بھنگ کی کاشت تباہ کی گئی۔سرکار کے مطابق بانڈی پورہ میں 2318 کنال ،سرینگر میں 374 گاندربل میں 466 ،کولگام میں 6کنال 1مرلہ,اونتی پورہ میں 6کنال اور ہندوارہ میں 18کنال 10مرلہ زمین سے بھنگ کی کاشت تباہ کی گئی ۔ ڈوڑہ میں 5اور کشتواڑ میں 27کنال 5مرلہ زمین سے پوست کی کاشت کو تباہ کیا گیا ہے ۔سرکار نے مزید کہا کہ ریاست میں اس کی روکتھام کیلئے 9ڈی ایکشن سنٹر سرینگر ، جموں اننت ناگ ،بارہمولہ ، کٹھوعہ ،پونچھ ، ڈوڈہ ،بڈگام اور ادھمپور میں کھولے گئے ہیں ۔