عظمیٰ نیوز سروس
جموں// جماعتی وابستگی سے اوپر اٹھ کر اسمبلی کے اراکین نے بدھ کو بڑھتی ہوئی منشیات کی لت پر شدید تشویش کا اظہار کیا، جس سے سپیکر عبدالرحیم راتھر نے انسداد منشیات کے اقدامات پر ایوان سے تجاویز طلب کرنے کے لیے بحث کا حکم دیا۔کئی ایم ایل ایز نے منشیات کی لعنت سے نمٹنے کے لیے موجودہ میکانزم کی تاثیر پر سوال اٹھایا۔ انہوں نے اس معاملے کی گہرائی سے جانچ کے لیے ایک ماہر پینل اور ہائوس کمیٹی کے قیام کا مطالبہ کیا۔وزیر صحت سکینہ ایتو نے اس مسئلے کی سنگینی کو تسلیم کیا لیکن ستمبر 2022 میں شروع کیے گئے نشا مکت ابھیان کے اثرات کو اجاگر کیا۔مبارک گل کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا انہوں نے کہا”جموں و کشمیر کے نوجوانوں میں منشیات کی لت میں خطرناک حد تک اضافہ ہوا ہے، تاہم، نشا مکت ابھیان کے آغاز کے بعد، ریکارڈ نئے رجسٹریشن میں معمولی کمی کی نشاندہی کرتے ہیں۔انہوں نے ایوان کو بتایا کہ 25,402 منشیات کے عادی افراد گزشتہ تین سالوں میں جموں و کشمیر کے مختلف مراکز میں زیر علاج رہے۔ اس میں 2022 میں 9,775، 2023 میں 8,702 اور 2024 میں 6,925 شامل ہیں۔وزیر نے کہا کہ جبکہ آئوٹ پیشنٹ میں(OPD) منشیات کی لت کے معاملات میں پچھلے تین سالوں میں کمی کا رجحان دیکھا گیا ہے، داخل مریضوں (IPD) کے معاملات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس نے اس اضافے کی وجہ ڈی ایڈکشن مراکز میں داخل مریضوں کی خدمات کی توسیع کو قرار دیا، جس سے دیکھ بھال تک بہتر رسائی حاصل ہوئی۔ تاریگامی، کانگریس ایم ایل اے نظام الدین بٹ، معراج ملک، اروند گپتا، یودھویر سیٹھی، اور جسٹس حسنین مسعودی نے ضمنی سوالات اٹھائے اور اس بحران سے نمٹنے میں ایجنسیوں کی مبینہ ناکامی پر جواب طلب کیا۔تاریگامی نے پوچھا”یہ ایک بہت اہم مسئلہ ہے، پچھلے کئی سالوں سے منشیات کی لت میں زبردست اضافہ ہوا ہے، پچھلے دس سالوں سے اس خطے پر کس نے حکومت کی؟ انہیں اس عروج کا جواب دینا ہوگا، انہوں نے اس سے نمٹنے کے لیے کیا اقدامات کیے ہیں؟” ۔موجودہ میکانزم کا جائزہ لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے، انہوں نے ایک ماہر ٹیم اور ایک ہائوس کمیٹی کی تشکیل پر زور دیا جو بحران کا مثبت طریقے سے جائزہ لے اور اس کا جواب دے سکے۔اراکین نے ڈی ایڈکشن فریم ورک کو مضبوط کرنے کے لیے انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے پر زور دیا۔اپنے تفصیلی جواب کا حوالہ دیتے ہوئے، سپیکر راتھر نے ارکان کو اپنی تجاویز پیش کرنے کی اجازت دینے کے لیے آدھے گھنٹے کی بحث پر اصرار کیا۔وزیر نے منشیات کی لت پر قابو پانے کے لیے اٹھائے گئے مختلف اقدامات کا خاکہ پیش کیا، جس میں منشیات سے نجات کی پالیسی کو اپنانا، ریاستی سطح کی پالیسی کی تشکیل، عمل درآمد کمیٹی اور بڑے پیمانے پر بیداری مہم – نشا مکت جے اینڈ کے ابھیان شامل ہیں۔انہوں نے ایوان کو بتایا کہ 11 نشے کے علاج کی سہولیات (اے ٹی ایف) کشمیر میں اور 9 جموں میں کام کر رہی ہیں۔اس نے کہا”او پی ڈی خدمات تمام 20 اضلاع میں کام کر رہی ہیں، جبکہ تمام نو سرکاری میڈیکل کالجوں (جی ایم سی) میں داخل مریضوں کی خدمات دستیاب ہیں، جو مرد اور خواتین دونوں مریضوں کی دیکھ بھال کرتی ہیں۔ ماہر نفسیات تمام میڈیکل کالجزمیں دستیاب ہیں،” انہوں نے کہا کہ 25 میڈیکل آفیسرز (12 جموں سے اور 13 کشمیر سے)کو NIMHANS، بنگلورو میں تربیت دی گئی ہے اور UT بھر میں نشہ چھڑانے کے مراکز میں تعینات کیا گیا ہے۔