راجوری//راجوری میں منشیات کے بڑھتے رجحان کو دیکھتے ہوئے خواتین نے بھی منشیات مخالف مہم میں حصہ لینے کا عہد کرلیاہے۔ضلع بھر میں نوجوان منشیات جیسی لعنت میں مبتلاء ہوتے جارہے ہیں اور اطلاعات ہیں کہ اسی وجہ سے کچھ نوجوان اپنی جانیں تک گنواچکے ہیں۔اس بڑھتے مرض کو دیکھ کر جہاں ایک طرف پولیس سرگرم نظر آرہی ہے وہیں خواتین میں بھی اب میدان میں کود پڑی ہیں۔اس سلسلے میں وارڈنمبر 10 کی خواتین کا ایک اجلاس منعقد ہواجس دوران یہ فیصلہ لیاگیاکہ منشیات کادھندا کرنے والوں کے خلاف سماجی سطح پر مہم چلائی جائے گی اور اس ناسور کو ختم کیاجائے گا۔ اس موقعہ پر بتایاگیاکہ اس کاروبار میں کچھ خواتین بھی ملوث ہیں جنہیں بے نقاب کرکے پولیس سلاخوں کے پیچھے دھکیل دے ۔ خواتین نے کہاکہ کئی نوجوان اس لعنت میں مبتلاء ہونے کے بعد اپنے گھروالوں کو زندگی بھر کے لئے دکھ دیکر چلے جارہے ہیں اور سماج کو تباہ کرنے کیلئے یہ ایک گہری سازش رچی جارہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس اپنی ذمہ داریاں انجام دے اور ان کی طرف سے ہرممکنہ تعاون دیاجائے گا۔