کپوارہ//کپوارہ پولیس نے منشیات مخالف مہم جاری رکھتے ہوئے بدھ کو ایک کارروائی کے دوران ایک شخص کو منشیات سمگل کرنے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ اُس کی تحویل سے 2کلو چرس بر آ مد کیا گیا ۔کپوارہ پولیس نے سال رواں میں اب تک منشیات میں ملو ث 34 افراد کو گرفتار کر کے اُن کی تحویل سے بھاری مقدار میں منشیات ضبط کی ۔ایس ایس پی کپوارہ چودھری شمشیر حسین نے کشمیر عظمیٰ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کپوارہ پولیس نے رواں سال کے اوائل میں منشیات مخالف مہم شروع کی ہے اور اسی کڑی کے تحت بدھ کو کپوارہ پولیس نے ہایہامہ کے بونہ گام علاقہ میں ایک مصدقہ اطلاع ملنے پر چھاپہ مار کارروائی کے دوران منظور احمد خان نامی ایک شخص کو گرفتار کیا جس کی تحویل سے 2کلو چرس بر آمد کیا گیا ۔انہو ں نے بتا یا کہ کپوارہ پولیس نے منظور کے خلاف ایک کیس زیر ایف آ ئی آ ر نمبر 261/2017US..8/20NDPS Actدرج کر کے مزید تحقیقات شروع کی ۔ایس ایس پی نے کہا کہ پولیس نے اب تک مختلف علاقوں سے 34افراد کو گرفتار کیا جو منشیات کے کاروبار میں ملو ث ہیں اور ان کی تحویل سے اب تک 15.5کلو چرس ،2کلو ہیروئن ،4.5براﺅن شوگر اور کوڈین کی بھاری کھیپ ضبط کی ہے ۔