سرینگر+بانڈی پورہ+اننت ناگ//منشیات مخالف عالمی دن کے سلسلے میں لیدل سروسز اتھارٹی اورکشمیر یوتھ فائونڈیشن کے اہتمام سے کئی تقاریب کا اہتمام کیا گیا۔منشیات مخالف عالمی دن کے موقع پرلیگل سروسز اتھارٹی بانڈی پورہ کے اہتمام سے ڈسٹرکٹ کورٹ میں ایک جانکاری کیمپ کا انعقاد ہوا ،جس میں ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی کے چیئرمین اور پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج سید سرفراز احمد شاہ کی صدارت میں نشیلی ادویات کی وباء کے خلاف ایک جانکاری کیمپ منعقد ہوا جس میں وکلائاور عام لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔کیمپ میں مقررین نے منشیات ونشیلی ادویات کے مضر اثرات کی جانکاری دیتے ہوئے بتایاکہ معاشرے کو نشیلی ادویات سے دور رکھنے کیلئے ہر کوئی اپنا اپنا رول نبھائے ۔ چیئرمین ڈی ایل ایس اے نے بھی معاشرے کو اس لعنت سے بچانے کیلئے سماج کے سبھی طبقوں سے اپنا اپنا رول ادا کرنے کی اپیل کی۔ ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی اننت ناگ نے ٹی ایل ایس سی ڈورو کے اشتراک سے گورنمنٹ ڈگری کالج ڈورو میں ایک سمینار منعقد کیا ،جس میں سماج کے مختلف طبقوںسے تعلق رکھنے والے افراد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔تحصیل لیگل سروسزاتھارٹی ڈورو کے اہتمام سے کالج آڈیٹورم میں اس سمینارمیں منشیات کے استعمال پر روک لگانے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا ۔اس موقعہ پر سیکریٹری ڈسڑکٹ لیگل سروس اتھارٹی رافعہ خاکی نے کہا کہ منشیات کے استعمال میں دن بہ دن تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ،تعلیمی اداروں میں بھی منشیات کا رجحان بڑھ رہا ہے ،جو انتہائی تشویشناک ہے ۔پرنسپل گورنمنٹ ڈگر ی کالج ڈورو نے اس مسئلے پر روشنی ڈالی ۔چیرپرسن سی ڈبلیو سی اننت ناگ توحیدہ مخدومی نے چائلڈ ویلفیئر کمیٹی طرف سے منشیات کی بدعت پر بیداری کے پروگرام منعقد کرنے کے بارے میں کئے جارہے اقدامات پر روشنی ڈالی۔ممبر جوینائل جسٹس بورڈ اننت ناگ سجاد احمد راتھر نے بھی اس موقعہ پر خطاب کیا۔پروگرام میں لگ بھگ 200طلبأ وطالبات نے شرکت کی۔ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی شوپیان اورتحصیل لیگل سروسز کمیٹی شوپیان نے محکمہ تعلیم کے اشتراک سے گورنمنٹ بائز ہائر سیکنڈری سکول شوپیان میں منشیات کی بدعت کے خلاف عالمی دن کے موقعہ پر ایک بیداری کیمپ منعقد کیا۔پروگرام کی صدارت چیئرمین ڈسٹرکٹ لیگل سروسز اتھارٹی (پرنسپل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشنز جج) شوپیان نے انجام دی۔سیکرٹری ڈی ایل ایس اے شوپیان نے اپنے خطاب میں کہا کہ منشیات کی بدعت کو دور کرنے کے لئے سماج کے ہر فرد کو اپنا رول ادا کرنا ہوگا۔پروگرام میں شریک طلبأ اورڈی ایل ایس اے شوپیان کی طرف سے اس پروگرام کو منعقد کرنے کے لئے انہوںنے سراہا۔اس موقعہ پر ایڈیشنل سپیشل موبائیل مجسٹریٹ شوپیان ،سی ای او شوپیان ،ڈپٹی سی ای او شوپیان ،پرنسپل گورنمنٹ بائر ہائر سیکنڈری سکول شوپیان ،ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر ونگ شوپیان ودیگر اہم شخصیات اس موقعہ پر موجود تھیں۔چیرمین اورسیکریٹری ڈی ایل ایس اے نے اس موقعہ پر ڈسٹرکٹ جیل پلوامہ کا دورہ کیا ۔دریں اثناء ڈی ایل ایس اے پلوامہ نے بھی میری لینڈ پبلک سکول نیوہ پلوامہ میں منشیات کی بدعت کے سلسلے میں عالمی دن منایا ۔اس موقعہ پر ایک سیمنار کا انعقاد کیا گیا۔سکول کے طلبأ نے اس موقعہ پر منشیات کی بدعت پر روشنی ڈالی۔ضلع کے وکلأاورپی ایل ویز کی ایک بڑی تعداد موجود تھی۔اِدھر شیرکشمیر انسٹچیوٹ آف میڈیکل سائینسز (سکمز)میڈیکل کالج بمنہ میںبھی منشیات کی بدعت کے سلسلے میں عالمی دن منایا گیا۔سکمز میڈیکل کالج سے جے وی سی ہسپتال تک ایک ریلی نکالی گئی ۔جس میں منشیات کی بدعت کے خلاف لوگوں میں بیداری پیدا کرنے پر زوردیاگیا۔اس پروگرام کا انعقاد سکمز میڈیکل کالج کی این ایف ایس یونٹ نے یونیورسٹی آف کشمیر کے این ایف ایس یونٹ کے اشتراک سے کیا گیا تھا۔پروگرام میںڈائریکٹر /ڈین سکمز پروفیسر عمر جاویدشاہ ،انڈین میڈیکل ایسوسی ایشن جے کے چپٹر کے صدر پروفیسر جی ایم ملک ،پرنسپل سکمز میڈیکل کالج پروفیسر ریاض اونتو ،ایچ او ڈی سائکریٹی سکمز میڈیکل کالج عبدالواحد خان ،کوارڈینیٹر سکمز میڈیکل کالج ڈاکٹر عبدالمجید ،این ایس ایس کارڈینیٹر کشمیر یونیورسٹی شمیم احمد شاہ ودیگر اعلیٰ آفیسران موجود تھے۔کاروانِ اسلامی کی یوتھ ونگ کشمیر یوتھ فائونڈیشن کی جانب سے کئی تقاریب کا انعقاد کیا گیا ۔ سب سے بڑی تقریب کاروانِ اسلامی کے صدر دفتر شہیدگنج میں منعقد ہوئی جہاںسے منشیات مخالف ایک پُر امن احتجاجی ریلی بھی نکالی گئی۔کاروانِ اسلامی کے امیر مولاناغلام رسول حامی نے کہاکہ شراب ومنشیات کا زہر معاشرے کو دیمک کی طرح چاٹ رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ’ آج ہماری نوجوان نسل منشیات، شراب اور دیگر خرافات میں مبتلا ہو کر نہ صرف اپنی زندگی تباہ کر رہی ہے بلکہ اپنے ساتھ اپنے خاندان والوں کے لئے بھی اذیت اور ذلت و رسوائی کا سبب بن رہی ہے‘۔انہوںنے کہا کہ آج کے دن معاشرے کے ہر فرد کو آگے آکر اس لت کا قلع قمع کرنے کے لئے عہد کرنا ہوگا ۔
منشیات فروشوں کے خلاف قاضی گنڈ میں ہڑتال
عارف بلوچ
اننت ناگ //چرٹ قاضی گنڈ میں منشیات کے بڑھتے کاروبار پر ہڑتال رہی ،جس دوران تمام دکانیں بند رہی اور سڑکوں پر ٹریفک کی نقل وحرکت متاثر رہی ۔ مقامی لوگوں نے اس دھندے میں ملوث افراد کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ علاقہ میں چند افراد منشیات کے کاروبار میں شامل ہیں جس کے سبب منشیات کے استعمال میں دن بہ دن تیزی سے اضافہ ہورہا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اگر چہ پولیس نے اب تک کئی افراد کو اس دھندے میں ملوث پاکر گرفتار کیا گیا تاہم اگلے روز ہی اُن کو رہا کیا جاتا ہے جس کے سبب دھندے میں ملوث افراد کے حوصلے بلند ہورہے ہیں۔اس بیچ پولیس نے لوگوں کو یقین دلایا کہ ملوث افراد کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گئی۔
منشیات کی لت باعث تشویش
سرینگر//کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمردہ حبیب نے منشیات مخالف کے عالمی دن پرنو جوانوں اور کمسن لڑکوں میں منشیات کے بڑھتے رحجان اور فروغ پر اپنی گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ’ہماری نئی نسل کو منشیات کی لت وبدعت ہمارے سماج کے لئے نہایت فکر مندی اور باعث تشویش ہے‘۔ منشیات کے عادی جوان اپنی بُری اور گھنائونی عادت کو پورا کرنے کے لئے کسی بھی حد تک جا سکتے ہیں اور اس سے پہلے ہمارا معاشرہ مکمل طور منشیات کی دلدل میں پھنس جائے والدین اور سماج کے ہر ذی حس لو گوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ اپنے اپنے علاقوں میں ایسی سر گرمیوں کا قلع قمع کرنے کی پہل کریں اور منشیات کے چنگل میں پھنسنے کی وجوہات پر غور و فکر کریں۔
پولیس کی جانب سے ریلیاں اور سمیناروں کا انعقاد
سرینگر// منشیات مخالف عالمی دن کی مناسبت سے جموں کشمیر پولیس نے کئی تقاریب کا اہتمام کیا۔ بانڈی پورہ پولیس کی جانب سے گورنمنٹ ڈگری کالج بانڈی پورہ ، گورنمنٹ ہائر سکنڈری اسکول کالوسہ اور گورنمنٹ ہائر سکنڈری اسکول سمبل میں تقریبات کا اہتمام کیا گیا۔ ایس ایس پی بانڈی پورہ راہل ملک کی سربراہی میں منعقدہ ان تقریبات میں ضلع کے دوسرے افسران نے بھی شرکت کی۔ ان تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی بانڈی پورہ نے کہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ نوجوان نسل کو منشیات جیسی بُری لت سے دور رکھنے کیلئے ہر سطح پر اقدامات کرنے کی اشد ضرورت ہے اور نوجوانوں کو یہ بھی آگاہی فراہم کی جانی چاہئے کہ منشیات کس قدر انسانی جسم کو کھوکھلا کر دیتی ہے تاکہ وہ اس لعنت سے خود کو دور رکھ سکیں۔بارہمولہ میںپولیس نے ڈاک بنگلہ بارہ مولہ میں ایک تقریب کا انعقاد عمل میں لایا۔ ایس ایس پی بارہمولہ عبدالقیوم نے تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی کے شرکت کی۔ اس تقریب میں چیف میڈیکل آفیسر بارہ مولہ ، سابق ضلع سوشل ویلفیئر آفیسر ، معزز شہریوں اور مختلف اسکولوں میں زیر تعلیم طلبا و طالبات نے بھی شمولیت کی۔ ایس ایس بارہ مولہ نے اس موقع پر شرکاء اور طلبہ و طالبات پر زور دیا کہ وہ منشیات کے مضر اثرات سے لوگوں کو آگاہی فراہم کریں تاکہ اس ناسور کا صدا کیلئے قلع قمع کیا جاسکے۔ انہوں نے عوام الناس سے اپیل کی کہ وہ منشیات کے مضر اثرات کے بارے میں نوجوانوں کو آگاہی فراہم کریں۔ ہندواڑہ پولیس کی جانب سے ایک ریلی نکالی گئی جس میں طلبا و طالبات نے شرکت کی۔ بائز ہائر سکنڈری اسکول ہندواڑہ سے انوائرنمنٹ ہال تک ریلی نکالی گئی جس میں مختلف اسکولوں میں زیر تعلیم طلاب شامل ہوئے۔ ریلی کے اختتام پر ہندواڑہ پولیس کی جانب سے ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں ڈرگ ڈی ایڈکیشن سینٹر پی سی آر کشمیر کے ماہرین، ڈسٹرکٹ اسپتال ہندواڑہ میں تعینات ملازمین اور ضلع کے مختلف اسکولوں میں زیر تعلیم طلبہ و طالبات نے شمولیت اختیار کی۔ ایس ایس پی ہندوارہ نے اس موقع پر کہاکہ نوجوان نسل کو منشیات سے دور رکھنے کیلئے ہر سطح پر اقدامات کرنے کی ضرورت ہے جبکہ اس بدعت کا قلع قمع کرنے کی خاطر لوگوں کو پولیس کے ساتھ تعاون فراہم کرنا چاہئے۔ ادھر ضلع پولیس لائنز ہندوارہ میں بھی عالمی منشیات مخالف دن کے موقع پر سمینار منعقد ہوا جس میں پولیس اور سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں نے منشیات کے بُرے اثرات کے بارے میں اپنے خیالات کا اظہار کیا۔