رمیش کیسر
نوشہرہ//جموں وکشمیر پولیس نے منشیات کے خلاف اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے ایک منشیات فروش کو گرفتار کر کے اس کے قبضے سے 07 گرام ہیروئن نما نشہ آور مواد برآمد کر لیا۔پولیس کے مطابق، پولیس اسٹیشن نوشہرہ کی ایک ٹیم ایس ایچ ائو نوشہرہ کی قیادت میں بریری علاقے میں معمول کی گشت اور ناکہ چیکنگ کر رہی تھی، جب انہوں نے ایک مشکوک شخص کو دیکھا جو پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کر رہا تھا۔پولیس ٹیم نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کا پیچھا کر کے اُسے گرفتار کر لیا۔ ملزم کی تلاشی کے دوران اس کے قبضے سے 07 گرام ہیروئن نما نشہ آور مواد برآمد کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ ملزم کی شناخت سنی کمار عرف سندی ولد جے رام سکنہ بریری، ہنجانہ کھنکا، نوشہرہ راجوری کے طور پر ہوئی ہے۔پولیس نے ملزم کے خلاف پولیس اسٹیشن نوشہرہ میں ایف آئی آر نمبر 15/2025 درج کر لی ہے۔ اس پر این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعات 8/21/22 کے تحت کارروائی کی جا رہی ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ منشیات کی سپلائی چین اور اس کے دیگر ساتھیوں کا سراغ لگایا جا سکے۔راجوری پولیس نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ضلع کو منشیات سے پاک کرنے کے لئے ہر ممکن قدم اٹھایا جائے گا۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی کہ اگر انہیں کہیں بھی منشیات کی خرید و فروخت یا غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع ملے تو فوراً پولیس سے رابطہ کریں۔