یو این آئی
نئی دہلی//مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے کہا ہے کہ پیسوں کی لالچ میں نوجوانوں کو منشیات کی تاریک کھائی میں دھکیلنے والے منشیات سمگلروں کو سزا دینے میں مودی حکومت کوئی کسر باقی نہیں رکھ رہی ہے۔ اتوار کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر امیت شاہ نے ایک پوسٹ میں کہا کہ حکومت کا عزم منشیات سے پاک ہندوستان کی تعمیرکیلئے سخت اور محتاط جانچ پڑتال کے ساتھ منشیات کی لعنت سے لڑنا ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اوپر سے نیچے اور نیچے سے اوپر تک تحقیقات کی بے عیب حکمت عملی کے نتیجے میں پورے ہندوستان میں 12مختلف مقدمات میں عدالتوں کے ذریعہ 29منشیات کے اسمگلروں کو قصور وار ٹھہرایا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ کامیابی اس نقطہ نظر کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ منشیات کے خلاف مودی حکومت کی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تعاقب میں، نارکوٹکس کنٹرول بیورو نے یہ اہم کامیابی حاصل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سزائیں عدالتوں میں دائر مقدمات کی کامیاب کارروائی کو یقینی بنانے کے لیے بیورو کی لگن کی مثال ہیں۔بیورو 2047تک منشیات سے پاک ہندوستان کے وزیر اعظم کے ویژن کو پورا کرنے کے لیے مسلسل کام کر رہا ہے۔ وہ منشیات کے خلاف جنگ میں لوگوں کا تعاون چاہتا ہے۔ منشیات کی اسمگلنگ سے متعلق معلومات بیورو کے مانس ہیلپ لائن نمبر 1933پر خفیہ طور پر فراہم کی جا سکتی ہیں۔