سرینگر// نوجوانوں کے ساتھ روابط کو فروغ دینے کی خاطرکل صورہ پولیس اسٹیشن میں کونسلنگ سیشن کا اہتمام ہوا ۔ ایس ایچ او کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ کے دوران آس پاس علاقوں سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔سیشن کے دوران ایس ایچ او نے منشیات و نشیلی ادویات کے منفی اثرات پر مدلل و مفصل روشنی ڈالی کہ کس طرح یہ بُری عادتیں انسان کو اندر سے کھوکھلا بنا دیتی ہیں جبکہ اس کے براہ راست اثرات نشے کے عادی شخص پر پڑنے کے ساتھ ساتھ گھر والوں کوبھی ذہنی کوفت کا سامنا کرنے پر مجبور ہوناپڑتا ہے۔انہوں نے کہاکہ نشہ کے عادی نوجوانوں کے پاس ایک سنہری موقع ہے کہ وہ پولیس کی مدد سے کونسلنگ اور ماہرین کے مشوروں پر عملدرآمد کرکے اس لعنت سے چھٹکارا پاسکتے ہیں۔ اس موقع پر نوجوانوں نے عہد کیا کہ وہ منشیات کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کی خاطر کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کرئینگے۔
خانیار اور صورہ میں2 سمگلرپولیس کی گرفت میں
سرینگر//سرینگر پولیس نے منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لا کر اُس کے قبضے سے ممنوعہ نشیلی اشیاء برآمد کرکے ضبط کی۔ پولیس ٹیم نے خانیار کے نزدیک ناکہ چیکنگ کے دوران عامر علی حکیم عرف عمہ کالا ولد علی محمد ساکنہ آرم مسجد خانیار کو روک کر اُس کی جامہ تلاشی لی جس دوران اُس کے قبضے سے 130گرام چرس برآمد کرکے ضبط کیا گیا۔ پولیس ٹیم نے موقع پر ہی منشیات فروش کو حراست میں لے کر اُس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 29/2019کے تحت پولیس اسٹیشن خانیار میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ ادھرصورہ میں پولیس نے ناکہ چیکنگ کے دوران گاڑی زیر نمبر میں موجود بیگ سے ایک کلو گرام چرس برآمد ہوا۔ پولیس نے خورشید احمد ڈار ولد غلام نبی ڈار ساکنہ تل کھن بجبہارہ نامی منشیات فروش کی گرفتاری عمل میں لاکر اُس کے خلاف ایف آئی آر زیر نمبر 50/2019کے تحت پولیس اسٹیشن صورہ میں کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی ہے۔ ابتدائی پوچھ گچھ کے دوران پتہ چلا ہے کہ گرفتار شخص کافی عرصہ سے شہر سرینگر کے نوجوانوں میں نشیلی اشیاء فروخت کیا کر تا تھا۔
نوہٹہ میں پولیس کا دربار ،لوگوں سے تعاون طلب
سرینگر// نوہٹہ پولیس اسٹیشن میں پولیس پبلک میٹنگ کا انعقاد عمل میں لایا گیاجس میں معزز شہریوں اور آس پاس علاقوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں ے شرکت کی۔ ایس ڈی پی او خانیار کی سربراہی میں منعقدہ اس میٹنگ کے دوران ایس ایچ او بھی موجود رہے۔ پولیس آفیسرا ن نے میٹنگ میں شریک معزز شہریوں کو یقین دلایا کہ اُن کے جائز مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی سعی کی جائے گی تاکہ اُنہیں درپیش مسائل کا سامنا کرنے پر مجبور نہ ہوناپڑے۔پولیس آفیسر نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ سماجی بدعات کا قلع قمع کرنے کی خاطر پولیس کو ہر سطح پراپنا تعاون فراہم کرے ۔لوگوں نے پولیس آفیسر کو یقین دلایا کہ وہ جرائم اور سماج میں پنپ رہی برائیوں کا قلع قمع کرنے کی خاطر ہر سطح پر انہیں اپنا دستِ تعاون بہم رکھیں گے۔علاوہ ازیں پولیس اسٹیشن میں معاون و مددگار نامی این جی اوز کے ذعمائوں کے ساتھ بھی ایک میٹنگ منعقد ہوئی ۔ قابلِ ذکر ہے کہ مذکورہ این جی او علاقے میں مستحق اور غریبوں کی مدد کیلئے ہمیشہ پیش پیش رہتی ہے ۔ این جی اوز کے منتظمین کو یقین دلایا گیا کہ محکمہ پولیس کی جانب سے اُنہیں ہر سطح پر مدد فراہم کی جائے گی۔