جموں//جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی کی پبلک اکائونٹس کمیٹی کی میٹنگ پیر کو میاں الطاف احمد کی صدارت میں منعقد ہوئی جس میں دیہی ترقی محکمہ کے سی اے جی آڈٹ کا جائزہ لیا گیا۔میٹنگ میں ارکان قانون سازیہ نوانگ ریگزن جورا، اعجاز احمد خان، چودھری سکھ نندن کمار،محمد یوسف بٹ ، راجیش گپتا اور قیصر جمشید لون نے شرکت کی۔کمیٹی نے ریاست میں مرکزی حکومت کے رہنما خطوط کے تحت دیہی ترقی محکمہ کے منریگا کی عمل آوری کے تعلق سے سی اے جی آڈِٹ کے پیرا 2.2 کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمیٹی نے دیہی علاقوں کے نوجوانوں کو منریگا کے تحت 100 دِن کا لازمی روزگار فراہم کرنے کی تجویز دی۔کمیٹی نے دیہی مجالس میں پہلے سے منظور شدہ تمام کاموں کو شروع کرنے کی متعلقہ حکام کو ہدایت دی۔کمیٹی نے اس سلسلے میں مرکزی حکومت کے رہنما خطوط کی پاسداری کرنے کے احکامات دئیے تاکہ غیر ضروری اخراجات پر روک لگائی جاسکے۔سیکرٹری دیہی ترقی محکمہ کفایت حسین رضوی نے کمیٹی کو آڈِٹ رپورٹ میں سی اے جی کی جانب سے ابھارے گئے نکات پر ایکشن ٹیکن رپورٹ کے بارے میں جانکاری دی۔میٹنگ میں ڈپٹی اکاوٹنٹ جنرل سی اے جی وی کے بخشی ، ڈائریکٹر دیہی ترقی کشمیر غضنفر علی ، ڈائریکٹر دیہی ترقی جموں آر کے بھٹ کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔